35.5 C
Islamabad
پیر, اپریل 7, 2025
ہومقومی خبریںکامسٹیک اور پاکستان انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ و اپلائیڈ سائنسز کے مابین سائنسی...

کامسٹیک اور پاکستان انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ و اپلائیڈ سائنسز کے مابین سائنسی و تکنیکی شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

- Advertisement -

اسلام آباد۔6اپریل (اے پی پی):اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی وزارتی قائمہ کمیٹی برائے سائنس و ٹیکنالوجی تعاون (کامسٹیک) اور پاکستان ٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ و اپلائیڈ سائنسز (PIEAS) کے مابین اعلی تعلیم اور سائنس و ٹیکنالوجی کے مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے جس کا مقصد تحقیق، استعداد کار میں اضافہ، اور او آئی سی رکن ممالک کے مابین علمی تبادلے اور سائنسی جدت کو مضبوط بنانے کے اقدامات کرنا ہے۔

دونوں اداروں کے اعلی حکام کی موجودگی میں کامسٹیک کی جانب سے پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری، کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک ، اور پاکستان انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ و اپلائیڈ سائنسز کی جانب سے ریکٹر ڈاکٹر نسیم عرفان نے دستخط کیے۔ مفاہمت کی یادداشت کے مطابق دونوں ادارے مشترکہ تعلیمی و سائنسی پروگرامز، بین الاقوامی کانفرنسز، ورکشاپس، اور تربیتی کورسز کا انعقاد کریں گے، جبکہ فیکلٹی اور طلبہ کے تبادلے کو فروغ دیا جائے گا۔ پاکستان انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز کو کامسٹیک کنسورشیم آف ایکسی لینس (CCoE) کا ایسوسی ایٹ ممبر بنایا جائے گا اور اسے او آئی سی ٹیکنالوجی و انوویشن پورٹل پر بھی رجسٹر کیا جائے گا، جس سے اسے او آئی سی کے سائنسی نیٹ ورک میں مزید مؤثر انداز میں شامل کیا جا سکے گا۔

- Advertisement -

مفاہمتی یادداشت کا سب سے اہم اقدام "جابر بن حیان اسکالرشپ پروگرام” کا آغاز ہے، جس کے تحت او آئی سی رکن ممالک کے طلبہ پاکستان انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ و اپلائیڈ سائنسز میں انڈرگریجویٹ، ماسٹرز، پی ایچ ڈی، اور پوسٹ ڈاکٹریٹ کی تعلیم حاصل کر سکیں گے۔ اس میں کمپیوٹر سائنس، مصنوعی ذہانت، سائبر سکیورٹی، انجینئرنگ، میڈیکل فزکس، نیوکلئیر میڈیسن اور دیگر جدید شعبہ جات شامل ہیں۔ کامسٹیک بین الاقوامی طلبہ کی رہنمائی کا کردار ادا کرے گا، جبکہ داخلے اور اسکالرشپ دینے کا مکمل اختیار پاکستان انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ و اپلائیڈ سائنسز کے پاس ہو گا۔

اس کے علاوہ مفاہمتی یادداشت کے تحت کامسٹیک ڈسٹنگوشڈ اسکالرز پروگرام کے ذریعے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ و اپلائیڈ سائنسز رکن ممالک کے ممتاز سائنسدانوں اور محققین کی میزبانی کرے گا جو لیکچرز، ورکشاپس اور تربیت کے ذریعے تحقیقی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے۔ کامسٹیک مختصر مدت کی فیلوشپس، بین الاقوامی تعلیمی تبادلوں کے لیے معاونت کرے گاجبکہ انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ و اپلائیڈ سائنسز.ان کی رہائش و دیگر ضروریات کا بندوبست کرے گا۔دونوں ادارے مشترکہ تربیتی پروگرامز، ٹیکنالوجی ڈویلپمنٹ کے منصوبے، اور مشترکہ تحقیقی سرگرمیوں کے ذریعے سائنس و ٹیکنالوجی میں ترقی اور جدت کے لیے مل کر کام کریں گے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=578851

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں