کامسٹیک کا سائنسی کامیابیوں کے اعتراف کے لیے 38ویں خوارزمی انٹرنیشنل ایوارڈ کا اعلان

116
Comstec
کامسٹیک کا سائنسی کامیابیوں کے اعتراف کے لیے 38ویں خوارزمی انٹرنیشنل ایوارڈ کا اعلان

اسلام آباد۔8ستمبر (اے پی پی):کامسٹیک، آرگنائزیشن آف اسلامک کوآپریشن (OIC) کی سائنسی اور تکنیکی تعاون کی وزارتی قائمہ کمیٹی نے دنیا بھر سے محققین، موجدوں اور اختراع کاروں کی شاندار سائنسی کامیابیوں کو تسلیم کرنے اور اس کا جشن منانے کے لیے 2024 کے لیے 38ویں خوارزمی انٹرنیشنل ایوارڈ (KIA) کا اعلان کیا ہے۔

ایوارڈز کا اعلان سائنس، تحقیق اور ٹیکنالوجی کی وزارت، ایرانی تحقیقی تنظیم برائے سائنس اور ٹیکنالوجی نے OIC کی قائمہ کمیٹی برائے سائنسی اور تکنیکی تعاون ( کامسٹیک)کے اشتراک سے کیا ہے۔اس حوالہ سے اندراجات جمع کرانے کی آخری تاریخ یکم نومبر 2024 ہے جبکہ انعام یافتہ افراد کا اعلان جنوری 2025 میں کیا جائے گا۔یہ باوقار ایوارڈ ایرو اسپیس اور ایگریکلچر سے لے کر نینو ٹیکنالوجی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور میڈیکل سائنسز تک مختلف شعبوں میں پیشرفت کے لیے عالمی سطح پر اپنی منفرد پہچان رکھتا ہے۔

شرکاء اپنی شراکتیں سائنسی اور تکنیکی شعبوں کی وسیع رینج میں جمع کرا سکتے ہیں ،جن میں ایرو اسپیس، زراعت، قدرتی وسائل، جانوروں کے سائنس، ویٹرنری میڈیسن،بنیادی سائنسز، بایو ٹیکنالوجی اور بنیادی طبی علوم،سول انجینئرنگ،الیکٹریکل اور کمپیوٹر انجینئرنگ،گرین ٹیکنالوجی، صنعتی اور ٹیکنالوجی مینجمنٹ، مکینیکل انجینئرنگ، میڈیکل سائنسز، اور نینو ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل اکانومی عغیرہ شامل ہیں۔

امیدوار http://www.khwarizmi.ir آفیشل ویب لنک کے ذریعے آن لائن درخواست جمع کرا سکتے ہیں ،جہاں جمع کرانے کی جامع رہنما خطوط دستیاب ہیں اور وہ COMSTECH سیکرٹریٹ سے بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔