کامسٹیک کا یونیورسٹی آف لاہور کے تعاون سے گیمبیا کے لئے سکالرشپس کا اعلان

137
Comstec
Comstec

اسلام آباد۔4مئی (اے پی پی):اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے ذیلی ادارے کامسٹیک نے یونیورسٹی آف لاہور کے تعاون سے گیمبیا کے ایڈورڈ فرانسس سمال ٹیچنگ ہسپتال کے لئے سکالرشپس کا اعلان کیا ہے، یہ وظائف بائیو میڈیکل سائنسز، فارمیسی، مینجمنٹ سائنسز، شماریات، میڈیکل امیجنگ سائنسز، الیکٹریکل انجینئرنگ، الیکٹرانکس ، الیکٹریکل سسٹمز، ڈائیٹیٹکس اور نیوٹریشن سائنسز میں انڈرگریجویٹ، پوسٹ گریجویٹ اور پی ایچ ڈی کے طلبہ کو دیے جائیں گے۔

کامسٹیک کی جانب سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق یونیورسٹی آف لاہور کے ساتھ مل کرکامسٹیک مختلف شعبوں میں 15 مکمل فنڈڈ سکالرشپس پیش کررہا ہے۔ یونیورسٹی آف لاہور کے بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین اویس رئوف نے کہا کہ یونیورسٹی کامسٹیک کے ساتھ مل کر گیمبیا کے تعلیم اور صحت کے شعبوں کی استعداد کار میں اضافے کے لئے سکالرشپ فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایڈورڈ فرانسس سمال ٹیچنگ ہسپتال گیمبیا کا واحد تدریسی ہسپتال ہے اور 600 سے زائد بستروں کی گنجائش کے ساتھ پورے ملک کے لیے اہم سینٹر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ وظائف ان کے صحت کے شعبے کو ترقی میں مدد فراہم کریں گے، مستقبل میں ہسپتال اور گیمبیا کے لوگوں کے لیے اپنی حمایت کے دائرہ کار کو مزید بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں۔انہوں نےکہا کہ تمام منتخب طلبہ کو یونیورسٹی آف لاہور میں تعلیم حاصل کرنے کا موقع ملے گا، ان سکالرشپس کا بنیادی ہدف گیمبیا میں تعلیم اور صحت کے شعبے کی حمایت اور ترقی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ طلبہ کے لیے یہ ایک موقع ہے کہ وہ اپنے تعلیمی خوابوں کو پورا کریں اور اپنے ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں۔ کامسٹیک نے یونیورسٹی آف لاہور کی انتظامیہ سے کامسٹیک کے منصوبوں کی غیر متزلزل حمایت پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ وظائف نہ صرف مالی امداد فراہم کریں گے بلکہ ایک مختلف ثقافت اور متنوع تعلیمی ماحول سے روشناس ہونے کا موقع بھی فراہم کریں گے۔