کامسٹیک کا 8 رکنی وفد چاڈ روانہ ، آنکھوں کے 400 مفت آپریشن کئے جائیں گے

87
Comstec
Comstec

اسلام آباد۔20مئی (اے پی پی):غریب افریقی مسلم ممالک میں آنکھوں کی بیماریوں سے متعلق آگاہی کے لئے کامسٹیک کی جانب سےماہر ین امراض چشم کا آٹھ رکنی وفد افریقی ملک چاڈ روانہ ہو گیا جہاں آنکھوں کے 400 سے زائد مفت آپریشن کئے جائیں گے۔ کامسٹیک کی طرف سے ہفتے کو جاری بیان کے مطابق پاکستانی ماہرین امراض چشم کے وفد میں 6 سینئر ڈاکٹرز اور کامسٹیک کے2 عہدیدار شامل ہیں جو چاڈ میں آنکھوں کے 400 سے زائد مفت آپریشن کریں گے۔

میڈیکل مشن چاڈ میں آٹھ روز قیام کرے گا۔ پاکستانی ڈاکٹرز چاڈ کے مقامی ڈاکٹروں کو تربیت بھی دیں گے۔ میڈیکل مشن چاڈ میں نوجوانوں کو اندھے پن سے بچنے کے لیے آگاہی مہم بھی چلائے گا،فری آئی کیمپ اسلامی ترقیاتی بنک ، کامسٹیک اور ایل آر بی ٹی کے اشتراک سے لگایا جارہا ہے۔ فری آئی کیمپ کا مقصد غریب افریقی مسلم ممالک میں آنکھوں کی بیماریوں سے متعلق آگاہی فراہم کرنا ہے۔