کامسٹیک کنسورشیئم کے سالانہ جائزہ اجلاس کا انعقاد

124
Comstec
Comstec

اسلام آباد۔1دسمبر (اے پی پی):اسلامی تعاون تنظیم(او آئی سی) کے ذیلی ادارہ کامسٹیک نے جمعہ کو اپنے کنسورشیم آف ایکسیلنس کی پہلی سالانہ پیشرفت کا جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ یہاں سے جاری بیان کے مطابق کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے شرکاء کو خوش آمدید کہا اور کنسورشیم کی کامیابیوں کے بارے میں ایک جامع پریزنٹیشن دی۔ انہوں نے کہا کہ آج کا اجلاس کنسورشیئم کے رکن اداروں کے تعاون کی ایک تہنیتی اور اعترافی تقریب ہے جنہوں نے کنسورشیم کے مقاصد کے حصول میں بہت زیادہ تعاون کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کنسورشیم اعلیٰ درجے کی یونیورسٹیوں پر مشتمل ہے۔

کوآرڈینیٹر جنرل نے کہا کہ رکن یونیورسٹیاں مسلم دنیا کے بہترین تعلیمی اور تحقیقی اداروں کی نمائندگی کرتی ہیں اور ان اداروں کی سخاوت، وژن، علمی مہارت اور تحقیقی کارنامے قومی اور بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی کے بہترین اداروں کا کنسورشیئم بنانے کا تصور اعلیٰ دانشوروں اور تعلیمی ماہرین کے درمیان انتہائی گہری اور فکر انگیز گفتگو سے ابھرا۔ انہوں نے کہا کہ یہ خیال کیا گیا تھا کہ کامسٹیک واحد بین الحکومتی ادارہ ہے جس کی میزبانی پاکستان کر رہا ہے۔

پروفیسر محمد اقبال چوہدری نے کنسورشیئم کے رکن اداروں کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسلم ممالک اور غیر او آئی سی ممالک میں مسلم اقلیتوں کے نوجوان طلباء اور اسکالرز کی تعلیم و تربیت کے لیے دروازے کھولنے کی آپ کی رضامندی مثالی ہے۔ اجلاس میں رکن یونیورسٹیوں کے نمائندوں نے شرکت کی اور کنسورشیئم کے مستقبل کے لائحہ عمل کے لیے نتائج پر مبنی سفارشات پیش کیں۔ شرکاء نے ہیلتھ کیئر انٹرپرینیورشپ کے کورسز، میڈیکل سائنسز میں اکیڈمک پروگرامز اور بین یونیورسٹی تعاون کو بڑھانے کے لئے سکالرشپ، مشترکہ ڈگری پروگرامز، اور نئے کیمپس کھولنے اور میمورنڈم آف ایکشن پر دستخط کرنے کے بارے میں غور و خوض اور فیصلہ کیا۔ مصنوعی ذہانت، ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور ویکسی نیشن کی ترقی کا ایک کنسورشیم قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں اسلامک یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی، بنگلہ دیش، ٹیوبیٹک، ترکی، یونیورسٹی ایر لنگا، انڈونیشیا، قازان وفاقی یونیورسٹی، تاجکستان، قومی ایجنسی برائے سائنسی تحقیق و اختراع، موریطانیہ، بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد، بین الاقوامی مرکز برائے کیمیکل اینڈ بائیولوجیکل سائنس، جامعہ کراچی، لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز، یونیورسٹی آف لاہور، عبادت انٹرنیشنل یونیورسٹی، قائداعظم یونیورسٹی، ہیلتھ سروسز اکیڈمی، اسلام آباد، یونیورسٹی آف سیالکوٹ، سپیریئر یونیورسٹی، کوہسار یونیورسٹی مری، نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور ، سندھ ایگریکلچر یونیورسٹی ٹنڈو جام ، اور یونیورسٹی آف سرگودھا کے نمائندوں نے شرکت کی۔