اسلام آباد۔6دسمبر (اے پی پی):کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل حسین ابرہیم طہٰ سے جدہ میں ملاقات کی۔ کامسٹیک کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں کامسٹیک کے او آئی سی رکن ممالک کے لئے جاری پروگرامز خصوصاً فلسطین کے نوجوان طلبہ اور تعلیمی بحران سے نمٹنے کے لئے او آئی سی رکن ممالک کی وزراء تعلیم کی غیر معمولی کانفرنس مئی 2025 میں اور اسلام آباد میں ہونے والی کامسٹیک کی 16ویں جنرل اسمبلی منعقد کرانے پر بات چیت ہوئی۔
اس کے علاوہ چاڈ میں شاہ فیصل یونیورسٹی میں حلال مصنوعات کی جانچ کے لئے معیاری مرکز قائم کرنے کیلئے کامسٹیک ۔چاڈ پروگرام کا اجراشامل ہے۔ او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے کامسٹیک کے مسلم امہ کے لئے کئے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کی قیادت کی تعریف کی اور انہیں بطور کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک دوبارہ تعینات ہونے پر مبارکباد دی۔
انہوں نے او آئی سی کے رکن ممالک میں سائنس اور ٹیکنالوجی کے فروغ کے لئے کامسٹیک کے وژن اور اپنی مکمل حمایت کے عزم کا اظہار کیا جبکہ صدر مملکت پاکستان و چیئرمین کامسٹیک کی کامسٹیک پروگراموں کی حمایت پر بھی شکریہ ادا کیا۔