برمنگھم۔30جولائی (اے پی پی):کامن ویلتھ گیمز ویمنز ٹی 20 کرکٹ کمپٹیشن میں بارباڈوس نے پاکستان کو 15 رنز سے ہرا کر 2 پوائنٹس حاصل کر لئے، قومی ٹیم 145 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی۔
برمنگھم میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے دوسرے میچ میں بارباڈوس ویمنز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بنائے، کائسیا نائٹ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ناقابل شکست 62 رنز بنائے، کپتان ہیلی میتھیوز 51 رنز کے ساتھ دوسری نمایاں بیٹر رہیں،
پاکستان کی جانب سے فاطمہ ثنا نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جواب میں پاکستان ویمنز نے 145رنز کے ہدف کے تعاقب میں مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز بنائے، ندا ڈار نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 31 گیندوں پر ناقابل شکست 50 رنز بنائے تاہم وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=319585