برمنگھم۔30جولائی (اے پی پی):کامن ویلتھ گیمز ہاکی کمپٹیشن ، پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان میچ 2-2 گول سے برابر ہو گیا ، پاکستان کی طرف سے رضوان علی اور افراز حکیم نے ایک، ایک گول کیا، قومی ٹیم اپنا دوسرا پول میچ (کل) اتوار کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گی، پی ایچ ایف کی طرف سے جاری تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کے شہر برمنگھم میں جاری کامن ویلتھ گیمز ہاکی ایونٹ میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین کھیلا گیا میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2-2 گول سے برابر رہا، پہلے کوارٹر کے 14ویں منٹ میں جنوبی افریقہ کے کونر بیچمپ نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی تاہم 11 منٹ بعد پاکستان کے رضوان علی نے شارٹ کارنر پر گول داغ کر میچ برابر کر دیا،
تیسرے کوارٹر میں دونوں ٹیموں کے مابین سخت مقابلہ ہوا تاہم کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں ناکام رہی، میچ کے 54ویں منٹ میں میتھیو گوز براؤن نے گول کر کے جنوبی افریقہ کو ایک بار پھر برتری دلا دی مگر کھیل کے آخری لمحات میں پاکستان کے افراز حکیم نے شاندار گول کر کے میچ دو، دو گول سے برابر کردیا، واضح رہے کہ پاکستان اپنا دوسرا میچ (کل) اتوار کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گا۔