کامیاب جوان پروگرام نوجوانوں کے لیے امید کی کرن ہے، گورنر سندھ عمران اسماعیل کا جلسہ تقسیم اسناد سے خطاب

73

کراچی۔20فروری (اے پی پی):گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ جامعات سے فارغ التحصیل طلبا ہمارے ملک کا فخر ہیں، ، قوم کو آگے لے جانے کی ذمہ داری بھی آپ پر ہی عائد ہوتی ہے، وفاقی حکومت کا کامیاب جوان پروگرام پاکستان کے نوجوانوں کے لیے امید کی کرن ہے۔ گورنرہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے جناح کیمپس میں منعقدہ دائود یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی(ڈی یو ای ٹی )کے نویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

گورنر سندھ نے اس بات پر زور دیا کہ بہترین تعلیم کے ساتھ قیادت کی ذمہ داری آتی ہے۔ انہوں نے انجینئرنگ گریجویٹس سے کہا کہ وہ اپنے ملک کا ستون بنیں جس کی پاکستان کو ضرورت ہے۔ نوجوانوں سے خصوصی طور پر خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ وفاقی حکومت کا کامیاب جوان پروگرام پاکستان کے نوجوانوں کے لیے امید کی کرن ہے۔

کامیاب جوان پروگرام کے تحت آسان شرائط پر قرضے لے کر اپنا ذاتی کاروبار شروع کرنے کی سہولت سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔ڈی یو ای ٹی کے وائس چانسلر پروفیسر فیض اللہ عباسی نے یونیورسٹی کی ترقی کے بارے میں بتایا کہ ادارہ پیشہ ورانہ تعلیم اور تربیت کے اعلی معیار کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ انجینئرنگ کے شعبہ میں بیچ 18 اور شعبہ آرکیٹیکچر کے بیچ 17 میں داخلہ لینے والے کل 390 طلبا فارغ التحصیل ہو چکے ہیں۔ بعد ازاں گورنر سندھ نے 10 گریجویٹس کو گولڈ میڈلز اور 52 ایم ایس کی ڈگریوں سمیت 442 ڈگریاں بھی دیں۔