اسلام آباد۔7اکتوبر (اے پی پی):کامیاب جوان پروگرام کی 19ستمبر سے 1اکتوبر کی پندرہ روزہ کارکردگی رپورٹ جاری کردی گئی۔ قرض کی فراہمی میں اضافہ کے ساتھ روزگار اور کاروبار میں اضافہ ہواہے۔
ملک بھر کے نوجوانوں میں 2 ہفتوں میں مزید 2 ارب 60 کروڑ روپے کے قرضے تقسیم کئے گئے ۔کامیاب جوان پروگرام کے تحت دو ہفتوں میں چار ہزار 203 نوجوانوں کونئی ملازمتیں مل گئیں ۔
کامیاب جوان پروگرام کے تحت برسر روزگار نوجوانوں کی مجموعی تعداد 33 ہزار 653 تک پہنچ گئی۔دو ہفتوں میں ایک ہزار 48 افراد نے قرضہ سکیم سے نیا کاروبار بھی شروع کیا۔کامیاب جوان پروگرام نے 16 ہزار48 پاکستانیوں میں ابتک 21 ارب 60 کروڑ روپے تقسیم کیے،سربراہ کامیاب جوان پروگرام عثمان ڈار نے دو ہفتوں کی صوبائی موازنہ رپورٹ بھی جاری کردی۔رپورٹ میں پنجاب اور سندھ میں قرضہ سکیم سے مستفید ہونے والوں کی تفصیلات شامل ہیں۔
موازنہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ دو ہفتوں میں پنجاب میں دوران 2 ہزار 572 نوجوان نئے روزگار پر لگ گئے،پنجاب میں دو ہفتوں میں 1 ارب 80 کروڑ کی رقم تقسیم، 757 نوجوان کاروبار کے مالک بنے،سندھ میں دو ہفتوں میں 928 نوجوانوں کو نوکریاں ملیں ،190 نے کاروبار شروع کیا،
دو ہفتوں میں سندھ میں نوجوانوں میں 50 کروڑ روپے تک قرض تقسیم کیا گیا،پنجاب میں مجموعی طور پر11 ہزار 778 نوجوانوں میں 15 ارب 80 کروڑ تقسیم ہوچکے، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صرف پنجاب میں اب تک مجموعی طور پر 24 ہزار 907 نوجوان کو روزگار ملا،سندھ میں مجموعی طور 2 ہزار 210 نوجوانوں کو 3 ارب 30 کروڑ روپے مل چکے،سندھ بھر میں اب تک چار ہزار 493 نوجوان برسر روزگار ہوچکے۔
معاون خصوصی عثمان ڈار نے اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ ہرگزرتےدن کے ساتھ کامیاب جوان پروگرام کی کامیابی کا گراف اوپر جا رہاہے،نوجوانوں کو قومی دھارے میں شامل کرنا حکومت کی پہلی ترجیح ہے،اپنے ملک کے نوجوانوں کو کامیاب دیکھنا وزیر اعظم عمران خان کا بھی دیرینہ خواب ہے،عثمان ڈار نے کہا کہ نوجوان پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا کا ہو یا پھر بلوچستان کا، ہم صرف پلان دیکھتے ہیں،جس نوجوان کا بزنس پلان جتنا موثر اور واضع ہوگا، اتنا ہی جلدی قرض ملے گا۔