راولپنڈی۔ 12 مارچ (اے پی پی) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کامیاب جوان پروگرام کے لئے اب تک38 ہزار نوجوانوں کو سکلز سکالرشپ دی جا چکی ہیں جن میں10 ہزار خواتین شامل ہیں۔وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کی بیٹیوںکی صلاحیتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کامیاب جوان پروگرام میں خواتین کو شامل کیا ہے، اس سے قبل خواتین کو بہترین مواقع نہیں دیئے جاتے تھے۔ پچھلی حکومتوں نے سڑکوں،نالوں اور پلوں پر سرمایہ کاری کی لیکن وزیر اعظم عمران خان کی حکومت نوجوانوں پر سرمایہ کاری کر رہی ہے جو ملکی ترقی کا باعث بنے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی راولپنڈی میں کامیاب جوان پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوان عثمان ڈار، وائس چانسلر صائمہ حمید، فیکلٹی ممبران اور طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کامیاب جوان پروگرام وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے دل کی آواز ہے اور یہ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جس سے قوم کی بیٹیاں پاکستان کو طاقت ور بنانے میں کلیدی کردار ادا کریں گی۔انہوں نے کہا ہے کہ خواتین اور نوجوان موروثی سیاست کا خاتمہ کرکے ملک میں حقیقی تبدیلی لائے ہیں اور نوجوانوں نے ہی اس بدلتے ہوئے نئے پاکستان کا ہر اول دستہ اورنگہبان بن کے ملک کی حفاظت کرنی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ آج نئے پاکستان کی بیٹیوں کا تعارف ذہین بیٹیوں کے نام سے ہوگا جہاں پاکستان کا نام آئے گا وہاں ہنر مند اور کامیاب نوجوان کا نام آئے گا۔انہوں نے کہا ہے کہ خواتین میں چالیس فیصد شرح تعلیم ہمارے لیے لمحہ فکریہ ہے، معاشی محاذ پرکامیابیوں کے لئے قوم کی بیٹیوں کو ہنر مند اور کامیاب نوجوان پروگرام کے ذریعے کامیاب بنایا جائے گا۔ وائس چانسلر صائمہ حمیدکو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ خواتین قوم کی اصل طاقت ہیں جن کو سماجی اور معاشی تحفظ فراہم کرنا ہے ۔ وزیراعظم عمران خان کی سوچ کے مطابق فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کو کامیاب جوان پروگرام کا حصہ بنا کر پوری قوم پر احسان عظیم کیا ہے کیونکہ یہ پروگرام کوئی سلوگن نہیں بلکہ ایک تحریک ہے جو کسی بھی قوم کو آگے بڑھنے کے لیے ایسا راستہ فراہم کرتا ہے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ کامیاب جوان پروگرام میں میں میرٹ پر سکلزسکالر شپ دی گئی ہے جس میں 3800 طالبات نے اپلائی کیا تھا اورفاطمہ جناح یونیورسٹی میں سو سے زائد طالبات سکالرشپ لینے میں کامیاب ہوئیں اور دوسرے مرحلے میں سکالر شپ کو ڈبل کریں گے تاکہ طالبات زیادہ سے زیادہ اس میں حصہ لے سکیں۔انہوں نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا وژن ہے کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت نوجوانوں کو مضبوط کرنا ہے ، وزیر اعظم عمران خان کا وژن ہے کہ پاکستان اس وقت تک ترقی نہیں کرسکتا جب تک اس میں خواتین کا حصہ نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا ہے کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ کامیاب نوجوان پروگرام لایا گیا ہے جس میں خواتین کو ہند مند بنانے کے لیے سکلز سکالر شپ دی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ کامیاب جوان پروگرام کے لیے 100ارب روپے مختص کی گئے جس میں 25 ارب خواتین کے لیے ہیں۔