کامیاب جوان ہی کامیاب پاکستان کی ضمانت ہے، کامیاب جوان پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی ہے،عثمان ڈار

98
کامیاب جوان ہی کامیاب پاکستان کی ضمانت ہے، کامیاب جوان پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی ہے،عثمان ڈار

راولپنڈی۔30جنوری (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا ہے کہ کامیاب جوان ہی کامیاب پاکستان کی ضمانت ہے، کامیاب جوان پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی ہے،ہر سال مارکیٹ میں آنے والے پڑھے لکھے نوجوانوں کے لیے روزگار کا بندوبست کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، کامیاب جوان پروگرام اس وقت تک کامیاب نہیں ہو سکتا جب تک نوجوان اس سے مستفید نہ ہوں،نجی شعبہ کے ساتھ ملکر نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے ٹرپل اے ایسوسی ایٹ کی کامیاب نوجوان پروگرام کے اشتراک سے ایوب پارک میں جاب میراتھن تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو کاروبار کے لئے قرضے دئیے جارہے ہیں۔نیوٹیک کے تعاون سے نوجوانوں کوفنی تربیت فراہم کررہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری معیشت5.37 فیصد کی شرح سے ترقی کر رہی ہے، ملازمین کی تنخواہیں بڑھانے والے ادار وں کے مشکور ہیں، ہر سال 20لاکھ نوجوان روزگار کی تلاش میں مارکیٹ میں آتے ہیں، اتنی بڑی تعداد کو روزگار دینے کے لیے پرائیویٹ سیکٹر بھی اپنا کردار ادا کررہا ہے، کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو باصلاحیت بنائیں۔

جاب میراتھن میں مختلف کمپنیز میں ایک سو سے زائد نوجوانوں کو ملازمت کے مواقع فراہم کیے گئے ہیں جن نوجوانوں کو نوکری نہیں ملی ان سے کہتا ہوں کہ وہ مایوس نہ ہوں بلکہ محنت کریں ، نوجوانوں کا مستقبل روشن ہے، زندگی جدوجہد کا نام ہے،وزیرعظم عمران خان نے بھی 22 سال محنت کی۔