لاہور۔ 26 جنوری (اے پی پی):کاٹن جنرز نے کپاس کے کاشتکاروں کوبلا سود قرضوں کی فراہمی اور جننگ سیکٹر کو بجلی کے نرخوں میں چھوٹ دینے کی اپیل کی ہے تاکہ ملکی بڑھتی ہوئی ضروریات کے مطابق کپاس کی پیداوار میں زیادہ سے زیادہ اضافہ سمیت کاروباری لاگت میں بھی کمی لانا ممکن ہوسکے۔
کاٹن جنرز ایسوسی ایشن کے ترجمان نے میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا کہ کاٹن جننگ انڈسٹری کی بہتری کیلئے کاٹن کنٹرول پر عملدرآمد، کراپ زوننگ کو لاگو اورکاٹن کے پیداواری علاقہ جات میں دیگر زرعی اجناس کی بوائی کی ممانعت کی جائے تاکہ وائٹ گولڈ نامی کپاس کی پیداوار میں مسلسل کمی کو روکا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ کاٹن پر عائد سیلز ٹیکس اور روئی کی سیل پر ود ہولڈنگ ٹیکس ختم کیا جائے کیونکہ یہ ٹیکس ڈائریکٹ جننگ کاسٹ میں شامل ہوتا ہے جو کسان کو منتقل ہوتا ہے۔انہوں نے اپیل کی کہ حکومت ایسے اقدامات یقینی بنائے جن سے کپاس کی پیداوار میں کم سے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ اضافہ ہوسکے۔