اسلام آباد۔5جولائی (اے پی پی):کاپ 28 کے صدر اور متحدہ عرب امارات کے وزیر برائے صنعت اور جدید ٹیکنالوجی سلطان احمد الجابر ایک روزہ سرکاری دورے پر کل(جمعرات کو) پاکستان آئیں گے۔ وہ وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ سینیٹر شیری رحمان کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔ متحدہ عرب امارات میں کاپ 28 کانفرنس سے قبل ان کا دورہ پاکستان ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے اور ماحولیاتی تعاون کو فروغ دینے کے لیے دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کو اجاگر کرتا ہے۔ب
دھ کو وزارت موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ سے جاری ایک بیان کے مطابق پاکستان کے ماحولیاتی چیلنجز اور کاپ 28 سے توقعات دورے کا مرکز رہیں گے، جس کا مقصد پائیدار حل کی جانب ایک اجتماعی راستہ استوار کرنا ہے۔ سلطان احمد الجابر وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف سے ملاقات کریں گے۔ ملاقات میں پاکستان کے موسمیاتی موافقت کے چیلنجز، خاص طور پر آب و ہوا سے پیدا ہونے والی آفات کے خطرے اور متحدہ عرب امارات میں آئندہ کاپ 28 میں زیادہ سے زیادہ بین الاقوامی تعاون کو حاصل کرنے کی ضرورت پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
وفاقی وزیر شیری رحمان وزارت برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ میں صدر کاپ 28 کی میزبانی کریں گی، جہاں ایک اعلیٰ سطحی دو طرفہ ملاقات بھی ہوگی۔ اس ملاقات کے دوران وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے پاکستان کے خطرات، عالمی چیلنج سے نمٹنے کے لیے حکومت کے فعال اقدامات اور پروگراموں پر روشنی ڈالیں گی۔ شیری رحمان رواں سال کے آخر میں متحدہ عرب امارات میں منعقد ہونے والی آئندہ کاپ 28 سے پاکستان کی توقعات کا اظہار بھی کریں گی۔
وہ ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے کیلئے بین الاقوامی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کریں گی اور کاپ 28 کے دوران گفتگو کی تشکیل میں فعال کردار ادا کرنے کے لیے پاکستان کے عزم پر زور دیں گی۔ سلطان الجابر کے ساتھ یو اے ای کے چیف نیگوشی ایٹر برائے کاپ 28 سید محمد الہاشمی ، کاپ 28 کے ڈائریکٹر جنرل اور خصوصی نمائندہ ماجد السویدی بھی ہوں گے۔
اس کے علاوہ وزارت توانائی اور صنعت کے اسسٹنٹ انڈر سیکرٹری برائے تیل، گیس اور معدنی وسائل احمد محمد الکعبی اور پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی بھی وفد کا حصہ ہوں گے۔