کاہنہ ٹی ایچ کیو ہسپتا ل میں ہفتہ صحت کیمپ قائم ،وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے افتتاح کیا

73

لاہور۔20نومبر (اے پی پی):کاہنہ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتا ل میں ہفتہ صحت کیمپ قائم کردیا گیا،وزیر صحت خواجہ عمران نذیر ،ایم پی اے رانا راشد منہاس اورسی ای او ہیلتھ نے ایم ایس کاہنہ ڈاکٹر فیض الحسن کے ہمراہ کیمپ کا افتتاح کیا۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی مریم نواز کی ہدایت پرکاہنہ تحصیل ہیڈ کوارٹرہسپتال میں ہفتہ صحت کیمپ قائم کردیا گیا ہے،جہاں ڈاکٹر ز اور پیرا میڈیکل سٹاف مریضوں کا علاج معالجہ کرنے میں مصروف رہے،صحت کیمپ میں سابقہ ناظم رمضان مستانہ اورڈاکٹر انتظار عالم سمیت لیگی کارکنوں نے شرکت کی ۔اس موقع پر ایم پی اے رانا راشد منہاس نے ’’اے پی پی ‘‘سے گفتگو کرتے ہوئے کہا

کہ صحت کیمپ میں عوام کو 9 قسم کی مفت طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ کیمپ کا مقصد عوام کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات ایک چھت تلے فراہم کرنا ہے ،کاہنہ شہر اور گردونواح کے افراد کو صحت کیمپ سے استفادہ حاصل کرنا چاہیے ،سموگ،شوگر،گائنی سمیت دیگر پیچیدہ امراض کی تشخیص اور ان کا بروقت علاج کیمپ کابنیادی مقصد ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز کی جانب سے ہفتہ صحت کیمپ میں ڈاکٹر ز اور پیرا میڈیکل سٹاف تین دن ڈیوٹی سرانجام دینگے، حکومت کے اس اقدام سے لاکھوں افراد کو بلا معاوضہ طبی سہولیات میسر آسکیں گی۔