کتاب انسان کی بہترین دوست ہے، یہ ہمیں علم، شعور اور سوچنے کا سلیقہ عطا کرتی ہیں، رحمن آصف چودھری

13
کتاب انسان کی بہترین دوست ہے، یہ ہمیں علم، شعور اور سوچنے کا سلیقہ عطا کرتی ہیں، رحمن آصف چودھری

لاہور۔2جولائی (اے پی پی):ڈائریکٹر پنجاب پبلک لائبریری فائونڈیشن رحمن آصف چوہدری نے کہا ہے کہ کتاب انسان کی بہترین دوست ہے، یہ ہمیں علم، شعور اور سوچنے کا سلیقہ عطا کرتی ہیں، ہمیشہ وہی قومیں ترقی کرتی ہیں جو علم وہنر کے میدان میں کامیاب ہوں۔ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر پنجاب پبلک لائبریری فائونڈیشن رحمن آصف چوہدری نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان میں جاری نظریاتی سمر سکول کے 18ویں روز طلباوطالبات سے خطاب کے دوران کیا۔ اس سکول کا ماٹو ’’پاکستان سے پیار کرو‘‘ ہے۔

رحمن آصف چوہدری نے کہاکہ کتابیں ہمیں زندگی کے نشیب وفراز ، طرز بودوباش ، رہن سہن کے آداب، بلند پایہ مضفین کے خیالات اور حکیمانہ باتیں ہم تک پہنچاتی ہیں، کتابیں تا دم حیات زندگی کی راہوں میں ہماری بہترین رفیق، معلم اور رہنما ثابت ہوتی ہیں اور ہمیں منزل مقصود تک پہنچنے میں مدد فراہم کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کتابیں نہ صرف ہمیں ماضی سے جوڑتی ہیں بلکہ حال کی راہ دکھاتی اور مستقبل کی تیاری بھی کرواتی ہیں، ایک اچھی کتاب انسان کی زندگی بدل سکتی ہے، مطالعے کی عادت انسان کو تنہائی میں بھی مصروف رکھتی ہے اور اس کی شخصیت میں نکھار پیدا کرتی ہے، ہمیں چاہیے کہ کتابوں سے دوستی کریں اور انہیں اپنی زندگی کا لازمی حصہ بنائیں۔

موٹیویشنل سپیکر خالد جمشیدنے کہاکہ ہر حال میں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کریں، والدین کا ادب واحترام کریں اور ہمیشہ ان کا کہا مانیں، بچے موبائل پر زیادہ وقت صرف کرنے کی بجائے غیرنصابی سرگرمیوں میں حصہ لیں ، طلباء اپنی تعلیم پر توجہ دیں اور بڑے ہو کر پاکستان کی خدمت کرنے کا عزم کریں۔