کتاب محبت کا پیغام اور عبادت کا ایک عمل ہے، صدرینگ پاکستانیز آرگنائزیشن

166
کتاب

ملتان۔ 23 اپریل (اے پی پی):صدر ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن نعیم اقبال نعیم نے کہاہے کہ کتاب محبت کا پیغام اور عبادت کا ایک عمل ہے،کتاب سے بڑھ کر سچا ، بے لوث دوست کوئی اور نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نےعالمی یوم کتاب کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب میں کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کتاب ذہن و فکر میں وسعت لاتی ہے اور ایک فرد کو اعلیٰ انسانی صفات سے مالا مال کرتی ہے۔ مطالعہ قوموں کو ترقی یافتہ بنا دیتا ہے ،زندہ معاشرے اپنے اہل قلم اور صاحبان فکر و دانش کو بے پناہ پذیرائی دیتے ہیں ،ایک اچھی کتاب سے زیادہ قیمتی تحفہ کوئی ہو ہی نہیں سکتا۔

نعیم اقبال نعیم نے کہا کہ ہم پچھلے کئی برس سے ہر سال یوم اقبال پر ہونے والی تقریبات میں حصہ لینے والے طلبا و طالبات میں علامہ اقبالؒ کی تصانیف سمیت معروف ادیبوں کی لکھی ہوئی علمی ، معلوماتی اور تاریخی کتب بطور تحفہ پیش کرتے ہیں۔