
اسلام آباد۔6فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ کتب بینی باشعور معاشرے کا طرہ امتیاز ہوتی ہے ، کتب بینی کو فروغ دینے کے لئے اسلام آباد میں بین الاقوامی معیار کی پبلک لائبریری تعمیر کی جائے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو اسلام آباد میں جدید پبلک لائبریری کی تعمیر کے حوالہ سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کتب بینی کو فروغ دینے کے لئے اسلام آباد میں بین الاقوامی معیار کی پبلک لائبریری تعمیر کی جائے گی ۔
انہوں نے ہدایت کی کہ لائبریری کو ہر طرح کی سہولیات سے مزین اور ہم عصر علوم پر مبنی کتب سے لیس بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ قطر نیشنل لائبریری کی طرز پر جدید لائبریری تعمیر کی جائے گی ، سی ڈی اے لائبریری کے لئے موزوں جگہ کا انتخاب کرے۔انہوں نے کہا کہ لائبریری کو کتابوں کا قبرستان بنانے کی بجائے کمیونٹی مرکز بنانا ہے ۔