کثیرالجہتی اور دوطرفہ شراکت داروں کی جانب سے رواں مالی سال کے دوران ملک کومجموعی طور پر 1.723 ارب ڈالر کی معاونت موصول

98
Ministry of Economic Affairs
Ministry of Economic Affairs

اسلام آباد۔26نومبر (اے پی پی):کثیرالجہتی،دوطرفہ شراکت داروں اور دیگر ذرائع کی جانب سے رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں ملک کو مجموعی طور پر 1.723 ارب ڈالر کی معاونت موصول ہوئی ہے۔وزارت اقتصادی امورکی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ میں پاکستان دوطرفہ شراکت داروں کی جانب سے مجموعی طور پر 259.89 ملین ڈالر کی معاونت موصول ہوئی، دوطرفہ شراکت داروں میں سے چین کی جانب سےرواں مالی سال کے پہلے چار ماہ میں پاکستان کو 97.98 ملین ڈالر،فرانس کی جانب سے 89.64 ملین ڈالر،جرمنی سے 11.29 ملین ڈالر،اٹلی سے 9.71 ملین ڈالر،جنوبی کو ریاسے 7.59 ملین ڈالر،سعودی عرب سے 6.35 ملین ڈالر اور امریکا کی جانب سے 37.72 ملین ڈالر کی معاونت موصول ہوئی۔

اعدادوشمارکے مطابق رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ میں کثیرالجہتی شراکت داروں کی جانب سے ملک کو مجموعی طور پر 720.99 ملین ڈالر کی معاونت موصول ہوئی ہے، کثیرالجہتی شراکت داروں میں ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے پاکستان کو 173.05 ملین ڈالر،ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک سے 17.41 ملین ڈالر،آئی بی آر ڈی سے 97.19 ملین ڈالر،آئی ڈی اے سے 266.64 ملین ڈالر،ایفاد 15.55 ملین ڈالر،اسلامی ترقیاتی بینک سے 50.41 ملین ڈالر،اسلامی ترقیاتی بینک(قلیل مدتی)سے 100.00 ملین ڈالر اور اوپیک فنڈکی جانب سے پاکستان کو 0.75 ملین ڈالر کی معاونت موصول ہوئی ہے۔

اسی طرح بیرونی کمرشل بینکوں سے 200 ملین ڈالر اور نیا پاکستان سرٹیفیکیٹس کے ذریعہ 542.15 ملین ڈالر حاصل کئے گئے۔اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ میں پراجیکٹ ایڈ کی مد میں ملک کو مجموعی طور پر 826.07 ملین ڈالر اور نان پراجیکٹ ایڈ کی مد میں 896.96 ملین ڈالر کی معاونت موصول ہوئی ہے۔