کثیر القومی جوائنٹ اسپیشل فورسز کی مشق ’’ فجر الشرق فائیو‘‘اختتام پذیر ہوگئی

118

راولپنڈی۔ 9دسمبر (اے پی پی):دو ہفتے طویل کثیر القومی مشترکہ سپیشل فورسز کی مشق فجر الشرق-فائیو نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سنٹر (این سی ٹی سی) پبی میں اختتام پذیر ہو گئی۔ مشق میں پاکستان، بحرین، عراق اور کویت کی اسپیشل فورسز کے دستوں نے حصہ لیا۔ آئی ایس پی آر سے جاری پریس ریلیز کے مطابق دو ہفتے طویل مشق کا آغاز 27 نومبر کو این سی ٹی سی، پبی میں انسداد دہشت گردی کے شعبے میں برادر ممالک کی خصوصی افواج کے دستوں کی شرکت کے ساتھ ہوا۔مشق میں حصہ لینے والے جوانوں کے علاوہ برادر ممالک بحرین، عراق اور کویت کے افسران نے بھی اختتامی تقریب میں شرکت کی۔

شریک ممالک کی اسپیشل فورسز کے دستوں نےاپنی پیشہ وارانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔اس مشق کا مقصد برادر ممالک کے درمیان تاریخی فوجی تعلقات کو مزید تقویت دینا اور انسداد دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کارروائیوں کے تصورات کو فروغ دینے کے علاوہ مستقبل کے فوجی تعاون کے لیے باہمی دلچسپی کے شعبوں کی نشاندہی کرنا تھا۔