کرائسٹ چرچ میں مساجد پر حملے دہشت گر دی کے سوا کچھ نہیں،نیوزی لینڈ کی تاریخ کا انتہائی افسوسناک واقعہ ہے جس پر پوری قوم سوگوار ہے وزیراعظم جیسینڈا اڈرن

119

کرائسٹ چرچ ۔ 15 مارچ (اے پی پی) نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسینڈا اڈرن نے کرائسٹ چرچ میں 2مساجد پر حملوں پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دہشت گر دی کے سوا کچھ نہیں جو نیوزی لینڈ کی تاریخ کا انتہائی افسوسناک واقعہ ہے جس پر پوری قوم سوگوار ہے۔ قوم کے نام اپنے تعزیتی خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہمیں مساجد پر ہونے والے حملے پر بڑا دکھ ہے ۔انہوں نے کہا کہ جاں بحق ہونے والے زیادہ تر افراد غیرملکی اور پناہ گزین تھے جو مساجد میں عبادت کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی ہے ۔انہوں نے کہا کہ تشدد کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا ۔حکومت غیر ملکیوں سمیت تمام شہریوں کی سلامتی کو یقینی بنائے گی ان حملوں میں 40 افراد شہید اور20 سے زائد شدید زخمی ہوئے ہیں۔نیوزی لینڈ پولیس نے حملوں میں ملوث ایک خاتون سمیت4 افراد کو گرفتار کر لیا ہے ۔ پولیس کمشنر مائیک بش کے مطابق حملے ڈین ایونیو پر واقع 2 مساجد میں ہوئے۔ اخبار”نیوزی لینڈ ہیرلڈ“ کے مطابق ایک حملہ آور کی شناخت ہو گئی ہے اور وہ آسٹریلوی شہری ہے ۔