
کراچی۔ 23 نومبر (اے پی پی) کراچی کے علاقے کلفٹن میں واقع چینی قونصل خانے پر حملے میں دوپولیس اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا ،جوابی کارروائی میں3 دہشت گرد مارے گئے ،جن کے قبضے سے خودکش جیکٹ اور اسلحہ بھی برآمدہوا ہے، پولیس کی اسپیشل فورس اور رینجرز نے چینی قونصل خانے میں داخل ہو کر حملہ آوروں کو گھیرے میں لیا اور ان کے خلاف کارروائی کی۔ پولیس کے مطابق جمعہ کی صبح ساڑھے9 بجے کے قریب 3 حملہ آوروں نے کراچی کے علاقے کلفٹن بلاک نمبر4 میں واقع چینی قونصل خانے میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم گارڈز کے روکنے پر دہشت گردوں نے فائرنگ کردی، جس پر قونصلیٹ پرتعینات سیکیورٹی گارڈز نے بھی جوابی فائرنگ کی، اسی دوران دھماکے کی آواز بھی سنی گئی۔ فائرنگ کے تبادلے میں دوپولیس اہلکار شہید ، ایک زخمی ہوا ، جوابی کارروائی میں3دہشت گرد بھی مارے گئے ، رینجرز حکام کے مطابق رینجرز کے اسنائپرز نے 2 دہشت گردوں کو نشانہ بنایا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی شہر بھر سے ریڈ زون میں واقع چینی قونصل خانے پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری طلب کر لی گئی، فائرنگ کافی شدید اور دو طرفہ ہو ئی، فائرنگ اور دھماکے کی آوازیں کافی دور تک سنائی دی گئیں۔ واقعے کے فوری بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے جبکہ چینی قونصلیٹ کی طرف جانے والی ٹریفک روک دی گئی۔