کراچی،یوم آزادی کے موقع پر وزیراعلیٰ سندھ کی مزار قائدپر حاضری، پھولوں کی چادر چڑھائی اور دعا کی

182
Syed Murad Ali Shah

کراچی۔ 14 اگست (اے پی پی):یوم آزادی کے موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی مزار پر حاضری دی،پھولوں کی چادر چڑھائی اور دعا کی۔وزیراعلیٰ سندھ نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کئے۔اس موقع پر صوبائی وزرا اور مشیر بھی ان کے ہمراہ تھے۔بعد ازاں سید مرادعلی شاہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری طرف سے قوم کو جشن آزادی مبارک ہو،ملک اس وقت مشکل وقت سے گزر رہا ہے ،ہمیں متحد ہو کر ملک کو آگے بڑھانا ہے،جو لوگ نفرتیں پھلا رہے ہیں وہ ملک کو ترقی کرتے ہوئے نہیں دیکھ سکتے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج آزادی کے دن ہمیں فلسطین اور کشمیر کی عوام کی قربانیوں کو بھی یاد کرنا چاہیے۔انہوں نےافواج پاکستان اور پولیس کے شہدا کو بھی سلام پیش کیا جنہوں نے اس ملک کی خاطر قربانیاں دیں۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ہمیں متحد ہو کر اس ملک کو شاد و آباد رکھنا ہے،اس ملک میں زیادہ تر مسائل ان لوگوں نے پیدا کئے جو نفرتیں پھیلاتے ہیں۔ بعدازاں وزیر اعلیٰ سندھ تقریب میں شریک سفارتکاروں اور سول سوسائٹی کے لوگوں سے ملے۔اس موقعے پر سکول کے بچوں نے ملی نغمہ جیوے جیوے پاکستان پیش کیا۔وزیراعلیٰ مزار قائد پر موجود سکول کے بچوں میں گھل مل گئے۔