کراچی۔ 05 ستمبر (اے پی پی):اورنگی ٹائون پولیس نے دوران چیکنگ قزافی چوک کے قریب کارروائی کرتے ہوئے نان کسٹم پیڈ (ایرانی)پیٹرول کی اسمگلنگ کو ناکام بناتے ہوئے ایک مبینہ اسمگلر کو گرفتارکرکے سوزوکی نمبری KR-4737 سے 1600لیٹر نان کسٹم پیڈایرانی پیٹرول برآمدکرلیا۔
ترجمان ضلع ویسٹ پولیس کے منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پولیس نے گرفتار ملزم نور محمد ولد عبداللہ سے تفتیش شروع کردی ہے جبکہ اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی سوزوکی کو بھی ضابطے کے تحت قبضے میں لے لیا گیاہے۔
دوسری جانب اورنگی کے علاقے ایم پی آر کالونی میں پولیس اور ڈاکوئوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے بعدایک مبینہ ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اس کے قبضے سے موٹر سائیکل،اسلحہ بمعہ ایمونیشن، 3موبائل فونز اور نقدی برآمدکرلی جبکہ ملزم کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔گرفتار زخمی ملزم فیضان ولد فرقان کوطبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید قانونی کارروائی کیلئے تفتیشی حکام کے حوالے کردیا ہے۔