کراچی۔ 08 دسمبر (اے پی پی):اینٹی انکروچمنٹ فورس سندھ کے66اہلکاروں نے اسپیشل سکیورٹی یونٹ چوکنڈی ہیڈ کوارٹرزسے چار ہفتوں کا ”اینٹی رائٹ ڈرل اینڈ ویپن ریفریشر کورس”مکمل کر لیا۔
جمعہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق ایس ایس یو کے تجربہ کار انسٹرکٹر ز نے اہلکاروں کو تربیت دی۔ ٹریننگ ماڈیولزمیں اینٹی انکروچمنٹ آپریشن کے دوران ہجوم کنٹرول کرنے کی فرضی مشق، ویپن ہینڈلنگ اینڈشوٹنگ، سیلف ڈیفنس اور مارشل آرٹس کی تربیت شامل تھیں۔ کورس کی تکمیل کے بعد ایس ایس یو چوکنڈی ہیڈ کوارٹرز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈی جی اینٹی انکروچمنٹ فورس سندھ زاہد علی عباسی مہمان خصوصی تھے جبکہ ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ سندھ راجہ طارق حسین، سیکریٹری ریونیو سندھ ڈاکٹر ایم بی دھاریجو اور ڈپٹی کمشنر ملیر کیپٹن (ر)محمد سعید لغاری نے بھی شرکت کی۔ مہمان خصوصی نے پاس آئوٹ ہونے والے اہلکاروں کو مبارکباد دی۔
انہوں نے کہا کہ اینٹی انکروچمنٹ فورس کے اہلکاروں کو فراہم کی گئی تربیت مفید ثابت ہوگی۔ ڈی جی اینٹی انکروچمنٹ فورس سندھ اور سیکریٹری ریونیو سندھ نے اینٹی انکروچمنٹ فورس سندھ کے اہلکاروں کو تربیت فراہم کرنے پر ایس ایس یو انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر ایس پی چوکنڈی ملک محمد قاسم نے کہا کہ ایس ایس یو کے انسٹرکٹرز نے اینٹی انکروچمنٹ فورس سندھ کے اہلکاروں کو انسداد تجاوزات آپریشن کو تکنیکی طور پر کنٹرول کرنے کے لئے جدید تقاضوں کے مطابق تربیت دی۔
ڈی جی اینٹی انکروچمنٹ فورس سندھ زاہد علی عباسی نے اینٹی انکروچمنٹ فورس سندھ کے کامیاب پاس آئوٹ ہونے والے اہلکاروں میں اسناد تقسیم کیں۔