کراچی، رینجرزاور پولیس کی مشترکہ کارروائی ،منشیات فروش سے چار کلوگرام سے زائد منشیات برآمد

97
Drugs

کراچی۔ 10 فروری (اے پی پی):کراچی میں رینجرزاور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتےہوئے منشیات فروش سے چار کلوگرام سے زائد منشیات برآمد کر لی۔ پاکستان رینجرز (سندھ)اور پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے ناتھا خان ڈرگ روڈ سے منشیات فروشی میں ملوث ملزم محمد جاوید کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 1.5کلو گرام ہیروئن، 2.7کلو گرام آئس، ہیروئن مکسچر، 60 گرام چرس، چوری شدہ مختلف قسم کے موبائل فونز، مختلف نیٹ ورک کی سم کارڈز، پاسپورٹ اور نقدی بر آمد کر لی۔ترجمان سندھ رینجرزکے مطابق ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم کراچی کے مختلف علاقوں ڈرگ روڈ، ناتھا خان، شاہ فیصل کالونی، گلشن اقبال، جامعہ کراچی کے گردونواح اور بیرون ملک منشیات سپلائی کرنے میں ملوث ہے۔

ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ گرفتارملزم کو بمعہ منشیات اورمسروقہ سامان مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔