کراچی۔ 25 اپریل (اے پی پی):آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی ہدایت پر پولیس ملازمین کی فلاح و بہبود کیلئے ہیلتھ کارڈز کا اجراء کردیا گیاہے ۔
جمعہ کو ترجمان ایس ایس پی ملیر کے مطابق ایس ایس پی ملیر کاشف آفتاب عباسی نے افسران و ملازمین کو ہیلتھ کارڈز تقسیم کیے اورایک آگاہی سیشن کاانعقاد کیاجس میں ہیلتھ کارڈ کے فوائد، استعمال کا طریقہ اور مہیا کی جانے والی طبی سہولیات سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
ایس ایس پی ملیر نے کہا کہ پولیس فورس کی کارکردگی اس وقت بہتر ہوتی ہے جب ان کے مسائل اور ضروریات کو سمجھا جائے، ہیلتھ کارڈز کا اجراء ایک ایسا قدم ہے جو ہمارے جوانوں اور ان کے اہل خانہ کو صحت کی فکر سے آزاد کرے گا۔ہیلتھ کارڈ کے ذریعے پولیس ملازمین پینل پر موجود ہسپتالوں اور کلینکس سے فری علاج معالجہ کروا سکیں گے، جس میں ایمرجنسی، ان ڈور، آوٹ ڈور، لیبارٹری ٹیسٹ اور دیگر سہولیات شامل ہیں۔
اس موقع پر ضلع ملیر پولیس کی جانب سے آئی جی سندھ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا گیا جنہوں نے پولیس فورس کی صحت اور فلاح کو اولین ترجیح دی۔