کراچی۔ 26 نومبر (اے پی پی):جماعت اسلامی (جے آئی) یوتھ کے تحت اہل غزہ و فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے مزار قائد تا تین تلوار کلفٹن ”غزہ بائیک ریلی“ کا انعقاد کیا گیا۔ریلی میں جے آئی یوتھ کے عہدیداران،کارکنان اور کراچی کے نوجوانوں سمیت بچوں نے شرکت کی۔شرکاء نے مخصوص فلسطینی رومال اور فلسطینی جھنڈا اٹھا یاہوا تھا،داہنے ہاتھ اور ماتھوں پر سرخ رنگ کی پٹی باندھی ہوئی تھی جس پر لبیک یا اقصیٰ تحریر تھا۔ریلی کا آغاز نائب امیر جماعت اسلامی کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی کی قیادت میں مزار قائد سے ہوا۔غزہ بائیک ریلی سے امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن، نائب امیر کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی اورجے آئی یوتھ کراچی کے صدر ہاشم یوسف ابدالی نے بھی خطاب کیا۔
حافظ نعیم الرحمن نے تین تلوارکلفٹن میں ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ فلسطین کی ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کو سلام پیش کرتے ہیں جو مزاحمت پر ڈٹے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ آج حماس نے 7سال سے اسرائیل کی قیدمیں رہنے والے فلسطینیوں کوآزاد کروایا۔حافظ نعیم الرحمن نے مزیدکہاکہ ہم آج اسرائیل کے غرور کو خاک ہوتے دیکھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ حماس کی مزاحمت اور اہل غزہ و فلسطینی مسلمانوں کی استقامت کی وجہ سے ہی آج اسرائیل کے صدر نیتن یاہو جنگ بندی کرنے پر مجبور ہوگیا۔ڈاکٹر اسامہ رضی نے کہاکہ کراچی کے نوجوان بڑی تعدادمیں غزہ بائیک ریلی میں موجود ہیں۔کراچی کے تمام نوجوانوں کا مشکور ہوں کہ انہوں نے ریلی نکال کر فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیا ہے۔ہاشم یوسف ابدالی نے کہاکہ کراچی کے نوجوانوں نے غزہ بائیک ریلی میں شریک ہوکر پیغام دیا ہے کہ ہم آپ کے ساتھ ہیں۔حماس نے اسرائیل کاغرور خاک میں ملادیا ہے۔اگر عوام اسی طرح متحد رہے تو امت مسلمہ کا سر فخر سے بلند ہوگا۔