اسلام آباد ۔ 12 اگست (اے پی پی) کراچی آئندہ ماہ قومی خواتین والی بال چیمپئن شپ کی میزبانی کرے گا، ایونٹ یکم سے چار ستمبر تک کراچی میں کھیلا جائے گا جس میں ملک کے چاروں صوبوں سمیت مختلف ڈیپارٹمنٹس کی ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے ایکشن میں دکھائی دیں گی۔ سندھ والی بال ایسوسی ایشن کے اجلاس میں خواتین چیمپئن کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا جس سے خواتین کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہو گی۔ سندھ والی بال ایسوسی ایشن کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق چار روزہ ایونٹ میں شرکت کرنے والی ٹیموں میں سندھ، پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان، آزاد جموں و کشمیر، فاٹا، ہائر ایجوکیشن کمیشن، واپڈا، ریلوے، پاکستان آرمی اور پاکستان نیوی شامل ہیں۔ فاٹا کے سوا تمام ٹیموں نے ایونٹ میں شرکت کی تصدیق کر دی ہے۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ ایونٹ کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے تیاریاں جاری ہیں جنہیں بر وقت مکمل کر لیا جائے گا۔