اسلام آباد۔19مارچ (اے پی پی):وزارت دفاع کی جانب سے قومی اسمبلی کو بتایا گیا کہ کراچی ائیر پورٹ پر 30 سالہ پرانی اور پوسیدہ پائپ لائن کی مرمت کا کام تیزی سے جاری ہے ، ائیر پورٹ پر معمول کے امور بھی جاری ہیں ۔
بدھ کو قومی اسمبلی اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران وفاقی پارلیمانی سیکرٹری دفاع زیب جعفر نے ایوان کو بتایا کہ کراچی ائیر پورٹ اہم ائیر پورٹ ہے ، چھت کے اوپر ایک پائپ لائن تھی جو 30 سال قبل بنا تھا ، زنگ آلودہ ہونے سے یہ پائپ پھٹ گیا تھا اس کی مرمت جاری ہے ، کراچی ائیر پورٹ مصروف رہتا ہے اس لئے مکمل بند نہیں کرسکتے ، معمول کے امور کے ساتھ مرمت کا کام بھی جاری ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ائیر پورٹس پر مرمت کے امور کے لئے 350 ملین روپے مختص ہیں ان میں سے اب تک 200 ملین خرچ ہوچکے ہیں ۔ آسیہ ناز تنولی نے سوال پوچھا کہ کراچی ائیر پورٹ پاکستان کا سب سے بڑا ائیر پورٹ ہے ، پائپ لائن کی مرمت کے لئے کیا ضروری انتظامات کیے گئے ہیں ۔کیا ہوائی اڈہ کی آمدن انفراسٹرکچر پر لگائی جاسکتی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=574261