کراچی اور قاہرہ کے درمیان مصر کی قومی ائیر لائن کی پروازوں کاجلد آغاز زیر غور ہے، دونوں ممالک میں تجارتی اورسیاحتی تعلقات میں اضافہ ہو گا، وفاقی وزیر ہوابازی

84

اسلام آباد۔11مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ہوابازی غلام سرور خان نے کہا کہ پاکستان اور مصر کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں اور ہماری ثقافتی تاریخی اور اسلامی اقدار مشترک ہیں ، کراچی اور قاہرہ کے درمیان مصر کی قومی ائیر لائن کی پروازوں کاجلد آغاز کیا جائے گا جس سے دونوں ممالک میں تجارتی اور سیاحتی تعلقات میں مزید اضافہ ہو گا،

مختلف تکنیکی شعبوں میں تعاون کی ضرورت ہے۔ وزارت ہوا بازی ڈویژن کی طرف سے جمعرات کو یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں مصر کے سفیر طارق داہروغ سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے جمعرات کو یہاں وفاقی وزیر سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماوں نے مختلف شعبوں خصوصاً دونوں ممالک کے مابین ہوابازی کے شعبہ میں تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا ۔ مصر کے سفیر نے وفاقی وزیر کو دونوں ممالک کے درمیان ہوا بازی کے شعبے میں پیش رفت سے آگاہ کیا۔

وفاقی وزیر برائے ہوابازی غلام سرور خان نے کہا کہ کراچی اور قاہرہ کے درمیان مصر کی قومی ائیر لائن کی پروازوں کاجلد آغاز زیر غور ہے جس سے دونوں ممالک میں تجارتی اور سیاحتی تعلقات میں مزید اضافہ ہو گا۔ ملاقات میں وفاقی وزیر اور مصر کے سفیر نے ہوابازی اور اس سے متعلق مختلف تکنیکی شعبوں میں تعاون پر زور دیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور مصر کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں اور ہماری ثقافتی تاریخی اور اسلامی اقدار مشترک ہیں۔ وفاقی وزیر نے کورونا وائرس کی عالمی وبا سے نمٹنے کیلئے دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔