کراچی حیدرآباد موٹروے کو مناسب انداز میں مکمل نہیں کیا گیا، موجودہ حکومت اس معاملے کو حل کر رہی ہے، وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کا قومی اسمبلی میں جواب

112

اسلام آباد ۔ 13 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی اپنے روڈ نیٹ ورک پر صرف ٹول ریونیو اکٹھا کر رہی ہے’ لنک روڈ ‘ کٹور این ایچ اے کے روڈ نیٹ ورک کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران جام عبدالکریم بجار کے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا کہ حیدرآباد کے قریب موٹروے کی سروس روڈ کو سیلاب سے نقصان پہنچا ہے۔کراچی’ حیدرآباد موٹروے کے کئی حصوں کو سیلاب سے نقصان پہنچا ہے۔ اس کی نگرانی کرتے رہیں گے۔ کراچی حیدرآباد موٹروے کو صحیح معنوں میں موٹروے نہیں کہا جاسکتا ہے۔ اس شاہراہ میں ہمیں بجلی کے کھمبے اور رکشے نظر آئیں گے۔ اس منصوبے کو مناسب انداز میں مکمل نہیں کیا گیا۔ موجودہ حکومت اس معاملے کو حل کر رہی ہے۔ مولوی عصمت اللہ کے ضمنی سوال پر انہوں نے کہا کہ ژوب کوئٹہ ‘ ڈی آئی خان شاہراہ ہماری ترجیح ہے۔ژوب کچلاک روڈ کا وزیراعظم نے افتتاح کر دیا ہے۔ اگلے مراحل کو سی پیک میں شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے تو مغربی روٹ کا صرف اعلان کیا تھا وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت مغربی روٹ کو عملی جامہ پہنا رہی ہے۔