کراچی دہشت گرد حملے کے متاثرین کے لئے دفتر خارجہ میں تقریب کا انعقاد

79

اسلام آباد۔14مئی (اے پی پی):کراچی یونیورسٹی میں 26 اپریل کو ہونے والے دہشت گردی حملے کے متاثرین کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ہفتہ کو یہاں وزارت خارجہ میں ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی۔ دہشت گردی کے اس واقعہ میں چین کے تین شہری اور ان کے پاکستانی ڈرائیور خالد نواز نے ڈیوٹی کے دوران اپنی جانیں قربان کیں۔

تقریب میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، اسلام آباد میں چین کی ناظم الامور پانگ چنکسو، سینئر چینی حکام اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے شرکت کی۔ تقریب میں سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور وزارت خارجہ کے افسران بھی شریک ہوئے۔ وزیر خارجہ نے چینی اساتذہ کی لازوال قربانیوں کی یاد میں پھولوں کی چادر چڑھائی اور تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات درج کئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چین کی ناظم الامور نے تقریب کے انعقاد پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بزدلانہ حملے کے خلاف پوری پاکستانی قوم کی طرف سے یکجہتی اور حمایت کے اظہار کو سراہا۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ چین اور پاکستان کی لازوال دوستی کو پروان چڑھانے میں چینی شہریوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور پاکستان اور چین کے درمیان سٹریٹجک پارٹنرشپ پر کوئی بھی حملہ ناکامی سے دوچار ہوگا۔ سیکرٹری خارجہ نے اس موقع پر کہا کہ معصوم اساتذہ کی المناک موت پر ہر پاکستانی نے گہرے صدمے اور غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیکن اس واقعے کے باوجود دہشت گردی کی لعنت کو شکست دینے کے ہمارے عزم میں کوئی کمی نہیں آئی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور چین ہمیشہ ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔

انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک باہمی تعاون اور قریبی تعاون کے اپنے دیرینہ جذبے کے ساتھ مل کر کام کر کے کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کراچی دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے واقعے کی مکمل تحقیقات اور ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پوری قوم اس نقصان پر چینی شہریوں کے اہل خانہ اور عوام کے ساتھ غمزدہ ہے اور ان سے دلی تعزیت کا اظہار کرتی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کسی کو پاکستان اور چین کی آہنی دوستی کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ اس افسوس ناک واقعہ کے باوجود پاک۔چین دوستی قائم رہے گی۔