کراچی۔ 03 ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی تین روزہ سرکاری دورے پر بدھ کو کراچی پہنچ گئے۔ ایئرپورٹ پر ترجمان وفاقی وزارت اطلاعات و نشریات راجہ خلیق الزمان انصاری، ڈی ایس ریلوے اور دیگر حکام نے وفاقی وزیر ریلوے کا استقبال کیا۔ وفاقی وزیر حنیف عباسی نے راجہ انصاری سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کی طرح کراچی کینٹ اسٹیشن کو بھی اپ گریڈ کریں گے۔ کراچی سمیت حیدرآباد، سکھر اور روہڑی ریلوے اسٹیشنز پر کام ہوگا۔
وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے سٹی ریلوے اور کینٹ اسٹیشن کا دورہ کرکے موجودہ صورتحال کا جائزہ بھی لیا۔ ریلوے حکام نے انہیں آئندہ حکمت عملی اور تعمیراتی کاموں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر ترجمان وزارت اطلاعات و نشریات راجہ انصاری نے کہا کہ شہر قائد میں میگا منصوبہ مسلم لیگ ن حکومت کا کارنامہ ہے اب کراچی ریلوے کو اپ گریڈ کرنے سے لاکھوں شہری جدید سہولیات سے مستفید ہوں گے اور انہیں بہتر ماحول بھی فراہم کیا جائے گا۔وفاقی وزیر ریلوے کراچی میں قیام کے دوران مسلم لیگ (ن) کے کارکنان سے بھی ملاقات کریں گے۔