کراچی سٹاک ایکسچینج میں رجسٹرڈ 100 بڑی کمپنیوں کے منافع میں کلینڈرسال 2021 کے دوران 47 فیصدکانمایاں اضافہ

96
سٹاک مارکیٹ میں تیزی،انڈیکس 55 ہزار355 پوائنٹس سے تجاوز کر گیا

اسلام آباد۔13مارچ (اے پی پی):کراچی سٹاک ایکسچینج میں رجسٹرڈ 100 بڑی کمپنیوں کے منافع میں گزشتہ کلینڈرسال 2021 کے دوران 47 فیصدکانمایاں اضافہ ریکارڈکیاگیاہے، سال 2021 میں 100 بڑی کمپنیوں کومجموعی طورپر 944.25 ارب روپے کابعدازٹیکس منافع حاصل ہوا۔

کراچی سٹاک ایکسچینج اورانڈسٹری کے اعدادوشمارکے مطابق کے ایس ای 100 انڈکس کی کمپنیوں کوسال 2021میں 944.25 ارب روپے کامنافع حاصل ہواجوسال 2020کے مقابلہ میں 47 فیصدزیادہ ہے، سال 2020 میں کمپنیوں کے بعدازٹیکس منافع کاحجم 641.69 ارب روپے ریکارڈکیاگیاتھا۔

سال 2019 کے مقابلہ میں گزشتہ سال کے ایس ای 100 انڈکس کی کمپنیوں کے منافع میں نموکی شرح 57 فیصدریکارڈکی گئی ہے،گزشتہ سال کمپنیوں کے منافع میں نمایاں اضافہ کوووڈ کے بعدمعاشی بحالی کی طرف قوی اشارہ کررہی ہے۔

اعدادوشمارکے مطابق گزشتہ سال کی چوتھی سہ ماہی میں کے ایس ای 100 انڈکس کی کمپنیوں کو239.28 ارب روپے کامنافع ہوا جوسال 2020 کی چوتھی سہ ماہی کے مقابلہ میں 21 فیصدزیادہ ہے۔

سب سے زیادہ بینکوں اورتیل وگیس کی کمپنیوں کومنافع ہواہے جس کامجموعی منافع میں حصہ 50 فیصدسے زیادہ بنتاہے۔سال 2021 میں کمرشل بینکوں کو260.04 ارب روپے کامنافع حاصل ہواجوسال 2020 کے مقابلہ میں 13 فیصدزیادہ ہے،سال 2020 میں بینکوں کے بعدازٹیکس منافع کاحجم 229.89 ارب روپے ریکارڈکیاگیاتھا

،تیل وگیس کی کمپنیوں کے منافع میں گزشتہ سال کے دوران 19 فیصدکی شرح سے نمو ریکارڈکی گئی ہے، سال 2021 میں تیل وگیس کی کمپنیوں کو225.26 ارب روپے کابعدازٹیکس منافع حاصل ہواجوسال 2020 میں 189.42 ارب روپے تھا۔

ٹیکسٹائل کمپنیوں کے منافع میں گزشتہ سال کے دوران 333 فیصدکی شرح سے نموریکارڈکی گئی ہے، سال 2021 میں ٹیکسٹائل کمپنیوں کو55.56 ارب روپے کابعدازٹیکس منافع حاصل ہوا جوسال 2020 میں 12.82 ارب روپے تھا۔

انجنیئرنگ کمپنیوں کے منافع میں گزشتہ سال کے دوران 205 فیصد، فرٹیلائزرز 21 فیصد، سیمینٹ 592 فیصد، آٹوموبائل 113 فیصد، کیمکلز93 فیصد، فوڈز65 فیصد، انشورنس 40 فیصد، فارما25 فیصد، ٹیکنالوجی 50 فیصد اوردیگرکمپنیوں کے منافع میں 29 فیصدکی شرح سے نموریکارڈکی گئی ہے،اس کے برعکس بجلی کی کمپنیوں کے منافع میں گزشتہ سال کے دوران 21 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔