حیدرآباد۔ 06 اگست (اے پی پی):کراچی سے حویلیاں جانے والی ہزارہ ایکسپریس المناک حادثے کا شکار،سرہاڑی ریلوے سٹیشن کے قریب 9بوگیاں پٹڑی سے اتر نے کے نتیجے میں15افراد جاں بحق جبکہ 40 سے زیادہ زخمی ہوگئے، جائے حادثہ پر امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں، پاک فوج اور رینجرز کے جوانوں کو امدادی کارروائیوں میں شامل کرنے کے لئے بھیج دیا گیا۔ نوابشاہ اور سکھر کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی سے حویلیاں جانے والی ہزارہ ایکسپریس کی بوگیاں نوابشاہ کے قریب ضلع سانگھڑ کی سرہاڑی ریلوے سٹیشن کے پاس پٹڑی سے اتر گئیں۔ پی ٹی وی اور عینی شاہدین کے مطابق حادثے کے نتیجے میں ٹرین کی 9 بوگیاں پٹڑی سے اتر کر الٹ گئیں جبکہ مجموعی طور پر 10 بوگیوں کو نقصان پہنچا، حادثے کےبعد ضلعی انتظامیہ اور مقامی لوگوں نے امدادی کارروائیاں شروع کرتے ہوئے بوگیوں میں پھنسے ہوئے زخمیوں اور لاشوں کو نکالنے کا کام شروع کردیا۔
ابتدائی طور پر حادثے میں 15 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ 40 سے زیادہ زخمی ہیں ۔ ذرائع نے اموات میں اضافہ کے خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔ حادثے کے نتیجے میں ریلوے کے اپ اور ڈائون ٹریکس پر آمدو رفت معطل کرتے ہوئے مختلف ریلوے سٹیشنز پر ٹرینوں کو روک دیا گیا ہے،
کراچی جانے والی گرین لائن ایکسپریس کو نوابشاہ اور اندرون ملک جانے والی رحمان بابا ایکسپریس کو ٹنڈوآدم اسٹیشن پر روکا گیا ہے ۔ ریلوے ذرائع کے مطابق کوٹڑی اور روہڑی سٹیشن سے امدادی ٹرینیں بھی روانہ کردی گئی ہیں۔