
اسلام آباد۔1ستمبر (اے پی پی):ترجمان قومی وزارت صحت نے کہا ہے کہ گزشتہ روز کراچی سے رپورٹ ہونےوالے مشتبہ شخص کا منکی پاکس کا نمونہ نیگیٹو آیا ہے،مشتبہ شخص کو بارڈر ہیلتھ سروسز کے عملے نے آئسولیٹ کیا تھا ۔ اتوار کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حالیہ ایم۔پاکس ایمر جینسی کے بعد اب تک پاکستان میں چار کیسز رپورٹ ہوے ہیں ۔
قومی وزارت صحت کی جانب سے جاری اپنے بیان میں کوآرڈینیٹر برائے صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ نے کہا کہ عوام کو وباؤں سے بچانے کیلیے عملی اقدامات جاری ہیں،بیماریوں کی نگرانی کے حوالے سے دنیا بھر میں پاکستان کا مضبوط اور موثر نظام موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایم۔پاکس سے بچاؤ کیلیے روزانہ کی بنیاد پر وفاق اور صوبوں کے نمائندے میٹنگ کرتے ہیں،وزارت صحت بارڈر ہیلتھ سروسز کا عملہ اور تمام سٹیک ہولڈرز الرٹ ہیں ،ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنانے کیلیے پر عزم ہیں ۔