کراچی۔25اکتوبر (اے پی پی):پاک بحریہ کیلئے تعمیر کیئے جانے والے ملجم کلاس کارویٹس کی کیل لیئنگ کی تقریب کراچی شپ یارڈ میں اتوار کو منعقد ہوئی۔ جاری اعلامیہ کے مطابق ترکی کے وزیر دفاع حلوسی آکارتقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل محمد امجد خان عباسی نشان امتیاز (ملٹری) ستارہ بسالت اور وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار زبیدہ جلال جبکہ ترک کمپنی اسفات(ASFAT) کے اعلی افسران ، نمائندے ، سرکاری عہدیداران، پاک بحریہ اور شپ یارڈ کے اعلی افسران بھی شریک تھے۔اس جہاز کی مجموعی لمبائی 108.2 میٹر جبکہ وزن 2926 ٹن ہے ۔ اسکی حد فتار 26 ناٹ ہے۔ یہ جہاز جدید ترین ہتھیار بشمول سطح سے سطح اور سطح سے فضاء میں مار کرنے والے میزائل اور آبدوزوں کو نشانہ بنانے کی صلاحیت کا حامل ہے۔ اس جہاز کی تعمیر سے پاک بحریہ کی حربی صلاحیتوں میں بے پناہ اضافہ ہو گا۔اس موقع پر مہمان خصوصی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملجم کی کیل لیئنگ کی یہ تقریب ان کے لیئے باعث فخر ہے کہ ترک کمپنی اسفات اور کراچی شپ یارڈ کے باہمی تعاون سے اس جہاز کی تعمیر ہو رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایک تاریخی موقع ہے کہ پاکستان کی وزارت دفاعی پیداوار، پاک بحریہ، شپ یارڈ اور اسفات نے مشترکہ طور پر اس جہاز کی تعمیر کا آغاز کیا ہے۔ اس موقع پروفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوارزبیدہ جلال نے شپ یارڈ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ خود انحصاری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور یہ منفرد جنگی جہاز اس کی جانب ایک قدم ہے۔ مینجنگ ڈائر یکٹر کراچی شپ یارڈ ، ریئر ایڈمرل اطہر سلیم ہلالامتیاز (ملٹری) نے اپنے استقبالیہ خطاب میں کہا کہ کراچی شپ یارڈ حکومت پاکستان اور پاک بحریہ کی خود انحصاری جیسی ترجیحات سے پوری طرح آگاہ ہے اور اس کارویٹ کی تعمیر اس جانب ایک قدم ہے۔ انہوں نے شپ یارڈ میں جاری تعمیراتی کاموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت جہاز سازی کے متعدد منصوبے زیر تکمیل ہیں۔ جنرل انجینئرنگ شعبہ کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے کیلئے متعدد کرینوں کی تعمیر کا کام جاری ہے شوگر مل رولر کے کئی برآمدی منصوبے بھی مکمل کیئے ہیں اور یہ شعبہ سکھر بیراج کے آہنی گیٹس ، اسٹیل سٹریکچر اور لفٹنگ کے ساز و سامان کی تعمیر میں مصروف عمل ہے۔ جہازوں کی مرمت کا شعبے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کے دونوں ڈاکس پورے سال کیلئے بک ہیں۔ انہوں نے مذکورہ منصوبے تفصیلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس عظیم منصوبے کا تکنیکی ڈیٹا پیکیج اور تعمیراتی سامان ترک فرم اسفات فراہم کر رہی ہے جبکہ یہ ٤٤ ماہ میں (فروری2024) مکمل ہو گا ۔ انہوں نے ترکی کے ساتھ برادرانہ تعلقات اور دیرینہ دوستی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ سالوں میں ترکی کے ساتھ جہاز سازی کا یہ دوسرا عظیم منصوبہ ہے اور جہاز سازی کے ساتھ دیگر دفاعی شعبہ جات میں مزید پاک ترک تعاون کی گنجائش موجود ہے ۔انہوں نے پا ک بحریہ کے سربراہ کا اس عظیم منصوبے کی تعمیر کیلئئے شپ یارڈ پر اعتماد کرنے پرشکریہ ادا کیا۔ انہوں نے وزارت دفاعی پیداوار کی مستقل مدد اور تعاون کا بھی شکریہ ادا کیا۔