کراچی۔ 28 اپریل (اے پی پی):کراچی نادرن بائی پاس مویشی دوست منڈی کے دسویں روزپنجاب،سندھ، بلوچستان اور کراچی کے مختلف فارم ہائوس سے قربانی کے جانوروں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے ۔پیر کے روز مویشی منڈی کے ترجمان کے مطابق ملتان، شیخ وان، وہاڑی، راجن پور،ساہیوال اور احمد پور شرقیہ کے جانور مویشی منڈی کی زینت بن چکے ہیں جبکہ سندھ کے چھوٹے بڑے شہروں نوشہروفیروز، نواب شاہ، خیرپور، کندھ کوٹ اور کشمور سے بھی قربانی کے جانور پہنچ گئے ہیں۔
کندھ کوٹ کا بیوپاری نورزادہ بالکانی 37قربانی کے جانور لے کر مویشی منڈی پہنچاتھا۔ بیوپاری نے بتایا کہ وہ کشوری،چولستانی اور ساہیوال نسل کے خوبصورت تگڑے جانور لایا ہے اوراب تک5 سے 10لاکھ روپے کے 10جانور فروخت کرچکا ہے۔ترجمان نے بتایا کہ کنڈیارو سے چار ٹرکوں میں لدے 60قربانی کے جانور مویشی منڈی پہنچ گئے ہیں جوبیوپاری کرم علی کے مطابق ساہیوال نسل کے بچھیا اور بچھڑے ہیں،4من سے 8من تک کے خوبصورت جانور موجود ہیں۔
دوسری جانب وی وی آئی بلاکس میں خوبصورت بھاری بھرکم جانوروں کے پڑاو کے لیے تیاریاں اپنے آخری مراحل میں داخل ہوچکی ہیں ،ہوٹلز قائم کردیئے اور دیگر اسٹالز لگانے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=589177