کراچی ۔ 25 دسمبر (اے پی پی) ملک کے دیگر شہروں کی طرح کراچی میں بھی بابائے قوم قائداعظم محمدعلی جناح ؒ کا142واں یوم پیدائش ملی جوش و جذبے سے منایاگیا۔ دن کے آغاز سے ہی نماز فجر کے بعد قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی روح کے ایصال ثواب کےلئے فاتحہ خوانی اور خصوصی دعائیں کی گئیں۔ اس موقع پر مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ پاکستان ملٹری اکیڈمی کے کیڈٹس نے مزار قائد پر گارڈز کے فرائض سبنھال لئے۔ اس سے قبل پاک فضائیہ کے کیڈٹس مزار پر گارڈز کے فرائض انجام دے رہے تھے۔ تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈنٹ پاکستان ملٹری اکیڈمی میجر جنرل اختر نواز ستی تھے۔ اس موقع پر انہوں نے پریڈ کامعائنہ کیا، مزار قائد پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ گورنرسندھ محمد زبیر،وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ،مئیر کراچی وسیم اختر اورسندھ کابینہ سمیت اعلیٰ حکومتی، عسکری اور سیاسی شخصیات نے مزار قائد پر حاضری دے کر پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور فاتحہ خوانی کی۔ میجر جنرل اختر نواز ستی، گورنر سندھ اور وزیراعلیٰ سندھ نے مزاز پر رکھی گئی مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کئے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=82687