کراچی۔ 17 جون (اے پی پی):ملک بھر کی طرح شہر قائد میں بھی عیدالاضحٰی مذہبی جوش و جذبے سے منائی جارہی ہے۔نماز عید کے اجتماعات کے بعد مسلمان سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کررہے ہیں۔
نماز عید کے بڑے اجتماعات عید گاہوں ،کھلے میدانوں اور مساجد میں منعقد ہوئے۔نماز عید کی ادائیگی اورخطبہ عید الاضحی کے بعد عالم اسلام کی سر بلندی،ملک میں قیام امن،ترقی و خوشحالی اور دہشت گردی کے خاتمہ، کشمیر، فلسطین کی آزادی کے لیے بھی دعائیں مانگی گئیں ۔
شہر میں امن و امان کی صورتحال کو بحال رکھنے کے لیے انتظامیہ کی جانب سے سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔کراچی میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع باغ جناغ (پولو گرانڈ) میں منعقد ہوا ۔