کراچی میں قائداعظم کے مزار پر ہلڑ بازی سے پوری قوم کا سر ندامت سے جھک گیا، سینیٹ میں قائد ایوان ڈاکٹر شہزاد وسیم کا اجلاس میں اظہار خیال

105

اسلام آباد۔19اکتوبر (اے پی پی):سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہا ہے کہ کراچی میں قائداعظم کے مزار پر ہلڑ بازی اور نعرے بازی سے پوری قوم کا سر ندامت سے جھک گیا ہے، کوئی کسی کا داماد ہو، کسی کا شوہر ہو یا کسی کا بیٹا ہو قانون سے بالاتر نہیں ہے، جب قائداعظم کی ذات کا معاملہ ہو گا تو کسی کے ساتھ رعایت نہیں ہو گی۔ پیر کو ایوان بالا کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے قائد ایوان سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہا کہ قائد اعظم کے مزار کے اوپر کھڑے ہو کر جو ہلڑبازی کی گئی۔ جو رویہ اختیار کیا گیا، جو حرکت اختیار کی گئی اور جو نعرے لگائے گئے اس سے پوری قوم کا سر ندامت سے جھک گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایوان میں لگی ہوئی قائد اعظم کی تصویر یہ سوال کرتی ہے کہ میں نے جو ملک بنایا تھا اس کا تو تم نے تم نے خیال نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کا قائد کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے۔یہ اپنی کھال بچانے کے لیے کسی بھی حد تک جانے کے لیے تیار ہیں۔ قائد ایوان نے کہا کہ بجائے اس کے یہ قائد سے معافی مانگتے کہ ہم نے جو آپ کے ملک کے ساتھ کیا وہ درست نہیں تھا مگر ہوا یہ کہ اس معاملے کو بھی انہوں نے سیاست کی نذر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی قانون سے بالاتر نہیں ہے کوئی کسی کا داماد ہو، کوئی کسی کا شوہر ہو یا کسی کا بیٹا ہو کیا وہ قانون سے بالاتر ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرانا دور نہیں رہا ۔سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ان کی گرفتاری ہوئی ہے وہ قانونی ہے کہ نہیں ہے، سندھ حکومت نے قانون کی عملداری کی تو ہم اس کی تعریف کریں گے، کوئی قانون سے بالاتر نہیں ہے اور جب قائد کی ذات کا معاملہ ہوگا تو کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں ہوگی۔