کراچی میں موزمبیق کے یومِ آزادی کے موقع پراستقبالیہ تقریب کا انعقاد

3

کراچی۔ 26 جون (اے پی پی):آنریری قونصلیٹ آف موزمبیق کراچی نے موزمبیق کے یومِ آزادی کی 50ویں سالگرہ کے موقع پر ایک تقریب شیخ خالد تواب کی رہائش گاہ پر منعقد کی ۔وہ 1988سے پاکستان میں موزمبیق کے آنریری قونصل جنرل کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔جاری اعلامیہ کے مطابق تقریب کے دوران ابراہیم تواب نے صدرِ موزمبیق کا خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا، جس میں عالمی امن، ہم آہنگی اور بین الاقوامی تعائون کے عزم کا اظہار کیا گیا اور دنیا بھر میں موجود موزمبیق کے شہریوں کو یومِ آزادی کی مبارکباد دی ۔

اس موقع پر وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے صدر کے پیغام کو سراہتے ہوئے موزمبیق کے عوام اور حکومت کو اس تاریخی موقع پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی اور پاکستان و موزمبیق کے مابین دوستی کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔شیخ خالد تواب نے دونوں ممالک کے مابین تاریخی تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستانی برآمد کنندگان اور سرمایہ کاروں کو افریقی منڈیوں بالخصوص موزمبیق میں مواقع تلاش کرنے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ موزمبیق کی حکومت بیرونی سرمایہ کاروں کو ٹیکس چھوٹ، کم قیمت بجلی اور سستی صنعتی زمین جیسی سہولیات فراہم کر رہی ہے۔تقریب کے مہمانِ خصوصی وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ تھے جبکہ دیگر معزز مہمانوں میں صوبائی وزرا ء سعید غنی ،ناصر حسین شاہ، سیکریٹری داخلہ اقبال میمن، سی سی پی او کراچی جاوید عالم اوڈھو، سابق چیئرمین سینیٹ میاں محمد سومرو

سابق گورنر سندھ و وفاقی وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل(ر) معین الدین حیدر اور گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی نمائندگی ان کے صاحبزادے زید کامران ٹیسوری نے کی۔اس کے علاوہ تقریب میں عمان، ترکی، جاپان، انڈونیشیا، ایران، قطر اور سری لنکا کے قونصل جنرلز اور کاروباری و سماجی رہنمائوں نے شرکت کی۔