کراچی۔ 04 جولائی (اے پی پی):لیاری کے علاقے بغدادی میں جمعہ کو پانچ منزلہ رہائشی عمارت گر گئی جس کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق جبکہ چھ زخمی ہو گئے۔ریسکیو اہلکاروں کے مطابق عمارت کے ملبے سے کم از کم چار لاشیں اور چھ افراد کو زخمی حالت میں نکالا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملبے تلے مزید لوگوں کے دبے ہونے کا خدشہ ہے، فی الحال ریسکیو آپریشن جاری ہے۔متاثرہ عمارت میں چھ خاندان رہائش پذیر تھے جن میں متعدد افراد کے ملبے میں دبے ہونے کی اطلاع ہے۔اسپتال ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ سول اسپتال کے ٹراما سینٹر میں 6 زخمیوں کو لایا گیا ہے۔
زخمیوں میں سے ایک خاتون کی حالت تشویشناک ہے جسے سول ہسپتال کے آئی سی یو میں منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ باقی پانچ کو معمولی زخم آئے ہیں اور ان کا علاج جاری ہے۔ڈپٹی کمشنر سائوتھ کے مطابق پھنسے افراد کو بحفاظت نکالنے کی کوششیں جاری ہیں اور انہوں نے تصدیق کی کہ منہدم ہونے والی عمارت میں چھ خاندان رہائش پذیر تھے۔گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ امدادی کارروائیوں کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ زخمیوں کو فوری طبی امداد اور تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کسی قسم کی غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔منہدم ہونے والی عمارت کے ساتھ والی 7 منزلہ عمارت کی سیڑھیاں بھی متاثر ہوئیں۔