کراچی۔ 04 مئی (اے پی پی):کراچی ٹریفک پولیس نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کردیا ہے۔جاری اعلامیہ کے مطابق 9 اپریل 2025 سے اب تک 31,677 موٹر سائیکلیں تحویل میں لی گئی ہیں جبکہ فینسی نمبر پلیٹس اور کالے شیشوں جیسی خلاف ورزیوں پر 2,719 گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔ مجموعی طور پر 515 بڑی اور چھوٹی گاڑیاں ضبط کی گئی ہیں۔ مزید برآں موٹر وہیکل انسپکٹرز نے 25 رجسٹریشنز کی منسوخی کی سفارش کی ہے جبکہ 491 رجسٹریشنز کو مشروط رہائی کے ساتھ عارضی طور پر معطل کرنے کی سفارش کی ہے۔16 اپریل سے شروع ہونے والی ایک متوازی کارروائی کے دوران چنگچی رکشوں (ایم سی آرز) کے خلاف کارروائی میں اب تک دفعہ 188 تعزیرات پاکستان کے تحت 104 ایف آئی آرز، دفعہ 341 کے تحت 33 ایف آئی آرز اور ایک ایف آئی آر تیز رفتاری (رف ڈرائیونگ) کے تحت درج کی گئی ہے۔
مجموعی طور پر 311 ایم سی آرز ضبط کر کے عدالت کی ملکیت قرار دی گئی ہیں اور 311 ڈرائیورز کو گرفتار کیا گیا ہے۔ مزید برآں 7,069 چالان جاری کیے گئے ہیں اور 32 غیر قانونی ایل پی جی/سی این جی کٹس ضبط کی گئی ہیں۔ایک اہم پیش رفت میں سندھ حکومت نے ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے ڈمپرز اور واٹر ٹینکرز جیسی بھاری گاڑیوں میں جی پی ایس ٹریکرز کی لازمی تنصیب کی پالیسی پر عمل درآمد میں ٹھوس پیش رفت کی ہے۔4 مئی تک شہر میں چلنے والے 3,391 واٹر ٹینکرز میں جی پی ایس ٹریکرز نصب کیے جا چکے ہیں۔اس کے علاوہ 28 ڈمپرز، 82 آئل ٹینکرز، 214 مسافر بسوں اور 214 چھوٹے ٹرکوں میں بھی ٹریکرز لگائے گئے ہیں۔ یہ نظام شہر کے اندر چلنے والے 2,763 بڑے ٹرکوں اور 137 ٹریلرز کا بھی احاطہ کرتا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ بھاری گاڑیوں کی نقل و حرکت کی نگرانی اور نظم و نسق میں جی پی ایس ٹریکرز کی تنصیب مددگار ثابت ہوگی جو کراچی کی مصروف سڑکوں پر حادثات کی روک تھام میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔وزیراعلیٰ نے روڈ سیفٹی سے متعلق قوانین کے نفاذ پر اپنے پختہ عزم کا اعادہ کیا ہے اور تمام گاڑیوں کے مالکان سے قانونی تقاضوں پر عملدرآمد کی اپیل کی ہے۔ کریک ڈاؤن اور حفاظتی اقدامات آئندہ ہفتوں میں مزید سخت نگرانی کے ساتھ جاری رہنے کی توقع ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=592421