کراچی۔13مارچ (اے پی پی):پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل رائونڈر فہیم اشرف نے کہا ہے کہ کرائوڈ کی خواہش تو ہوتی ہے کہ ہر اوور میں چوکے چھکے دیکھیں مگر ٹیسٹ کرکٹ میں ایسا نہیں ہوتا کہ ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے کی طرح چوکے چھکے لگیں۔پاکستان سپر لیگ میں پورا مہینہ سب نے چوکے چھکے دیکھے، ٹیسٹ کرکٹ میں صبر کرنا ہوتا ہے ۔
آسٹریلیا کیخلاف کراچی ٹیسٹ میں دوسرے دن اتوار کا کھیل ختم ہونے کے بعد پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہمیشہ سے ہی ایسی وکٹیں بنتی رہی ہیں، کرائوڈ کو اگر چوکے چھکے انجوائے کرنے کو نہیں ملے تو کم از کم اپنے فیوریٹ کرکٹرز کے ساتھ انجوائے کرنے کو تو ملا ہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ فیلڈ پر موجود کھلاڑیوں نے کراچی میں کرائوڈ کو خوب انجوائے کیا ہے۔
ایک سوال پر آل رائونڈرفہیم اشرف نے کہا کہ ہر کسی نے پلان کے مطابق بولنگ کی، کوشش تھی کہ رنز نہ دیں کیونکہ یہ تینوں فارمیٹ کی بنیاد ہے ۔انہوں نے کہا کہ 2 دن میں پچ کو سب نے دیکھ لیا کہ پچ سلو ہے لیکن جان لگا کر بولنگ کریں تو بولرز کو ہیلپ مل جاتی، بال ریورس بھی ہورہا ہے تو بیٹرز کو ٹائم مل جاتا ہے۔ فہیم نے مزید کہا کہ وکٹ پنڈی سے مختلف ضرور ہے کیونکہ یہاں کا موسم کافی مختلف ہے،
اگلے دو روز میں وکٹ تھوڑی اور بدلے گی اور چانس بنے گا۔فہیم اشرف نے تنقید کا نشانہ بننے والی پاکستانی بولنگ حکمت عملی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ پہلے روز جیسی بولنگ کی وہ ٹیم کا پلان تھا ،ٹیم نے کوشش کی کہ پچ سے مدد نہیں مل رہی تو چانسز خود پیدا کرنے کی کوشش کریں، ٹیم نے کوشش کی مگر ایسا نہیں ہوسکا ،
یہی حکمت عملی پنڈی میں کامیاب رہی تھی، لوگوں نے اس پر تنقید کی مگر پنڈی میں بھی پلان کرکے آئوٹ کیا۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ گرم موسم کی وجہ سے محسوس ہورہا ہے کہ وکٹ پر آگے جاکر بریک ملے گا اس لیے امید ہے کہ یہاں رزلٹ آجائے گا۔یاد رہے کہ کراچی ٹیسٹ میں آسٹریلیا کی پہلی اننگز میں بیٹنگ جاری ہے اور آسٹریلیا نے دوسرے دن کے کھیل کے اختتام پر8 وکٹوں کے نقصان پر 505 رنز بنا لئے ہیں۔