کراچی۔19فروری (اے پی پی):پاکستان سپر لیگ کے سیزن 8 میں مسلسل تین شکست کھانے کے بعد کراچی کنگز کی ٹیم ابھری اوراپنی روائیتی حریف و دفاعی چیمپیئن لاہور قلندرز کو لیگ کے آٹھویں میچ میں 67 رنز سے ہرا کر پہلی کامیابی حاصل کی۔ کراچی کنگز نے میچ جیت کرنیشنل اسٹیڈیم میںموجود28 ہزار تماشائیوں کا جی خوش کردیا۔
عاکف جاوید جوکراچی کنگز کی جانب سے اپنا پہلا میچ کھیل رہے تھے، نے میچ میں 4 وکٹیں حاصل کرکے اپنی ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیہا۔186 کے تعاقب میں لاہورقلندرز کی ٹیم 17.3 اووورز میں 118 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔عاکف نے 3.3 اوورز میں 28 رنز دیکر 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ بین کٹنگ نے 12 اور عامر یامین نے 18 رنزدیکر دودووکٹیں حاصل کیں،
کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کو آلرائونڈ کارکردگی کی بنیاد پر مین آف دی میچ قرار دیاگیا۔ عماد وسیم نے 23 رنز پر ایک وکٹ حاصل کی۔ لاہورقلندرز کی جانب سے اوپنر مرزابیگ نے سب سے زیادہ 39 گیندوں پر 45 رنز بنائے جس میں 3 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ کامران غلام 23 اور سکندررضا18 رنز بناسکے۔اس سے قبل کراچی کنگز جسے پہلے بیٹنگ کے لئے بھیجا گیا تھا مقررہ20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنائے۔
کنگز کے وکٹ کیپر بیٹسمین میتھیو ویڈ اور، جیمز ونس نے7.1 اوورز میں پہلی وکٹ کے لئے 70 رنز کی شراکت قائم کی تاہم اس موقع پر ویڈ24 گیندوں پر 4 چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 36 رنز بناکر کامران غلام کی تھرو پر وکٹ کیپر شائی ہوپ کے ہاتھوں رن آئوٹ ہوگئے۔
ونس نے 36 گیندوں پر 3 چوکوں اور2 چھکوں کی مدد سے 46 رنز بناکر زمان خان کی گیند پر بولڈ آئوٹ ہوئے۔کپتان عماد وسیم نے 19 گیندوں پر 2 چوکوں اور اتنے ہی چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 35 رنز بنائے جبکہ بین کٹنگ 20، حیدر علی 18، شعیب ملک 10 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔قلندرز کے لائم ڈوسن نے 29 رنز کے عوض ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا جبکہ کپتان شاہین شاہ آفریدی 39،حارث رئوف35 اورزمان خان نے بھی34رنزدیکر ایک ایک وکٹ حاصل کی۔