کراچی۔ 27 فروری (اے پی پی):کراچی کنگز کے کپتان شان مسعود نے کہا ہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 9 میں ٹیم کے تمام کھلاڑی ہوم گرائونڈ پر کھیلنے کے لیے کافی پرجوش ہیں، ٹیم کے تمام کھلاڑیوں نے کچھ نہ کچھ پرفارمنس دی ہےلیکن میں ذاتی طور پر اپنی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہوں، ٹیم کی کارکردگی بھی آئندہ میچوں میں اچھی ہو جائے گی، میچز کے پاسز کیلئے سبھی پریشان ہیں، اسلام اباد یونائٹڈ کے خلاف میچ میں اچھی کارکردگی کی توقع ہے۔
نیشنل بینک سٹیڈیم کراچی کے اوول گرائونڈ پر منگل کوپریکٹس سیشن کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے گزشتہ تین میچز میں کراچی کنگز کی جانب سے کوئی بڑی اور قابل ذکر کارکردگی سامنے نہیں آسکی، کسی بھی ایک میچ میں ٹیم کی جانب سے ایک یا دو انفرادی اچھی پرفارمنس سے اچھے اثرات مرتب ہوتے ہیں،کراچی کنگز کو کیرون پولارڈ جیسی بہترین انفرادی اننگز کی ضرورت ہے،کراچی میں ہونے والے میچز میں حریف ٹیموں کے خلاف لائحہ عمل تیار کریں گے،اوپنرز کے جلد آئوٹ ہونے سے ٹیم کی کارکردگی پر فرق پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کی پچ کا کوئی اندازہ نہیں،اچھی ٹیم وہ ہوتی ہے جو اپنی غلطیوں سے سیکھتی ہے، ہماری ٹیم میں سب نے کچھ نہ کچھ پرفارم کیا ہے۔محمد نواز کے بارے میں انہوں نے اپنی گفتگو میں کہا کہ محمد نواز کی صلاحیتوں کے مطابق کارکردگی نہیں رہی،محمد نواز سے بطور آل رائونڈر اچھی توقعات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عرفات منہاس اچھا پلیئر ہے جہاں اس کی ضرورت ہوگی اس کو کھیلائیں گے۔
شان مسعود نے کہا کہ میچز کے پاسز کیلئے اپنی فیملی کو بھی منع کردیاہے،پی ایس ایل میں سب کھلاڑی پاسز کی وجہ سے پریشان ہوتے ہیں لیکن جب کچھ انتظام ہو جاتاہے تو لوگوں کی توقعات کو پورا کردیتے ہیں۔یاد رہے کہ کراچی کنگز ٹیم اپنا چوتھامیچ (کل)بدھ کو اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف نیشنل بینک سٹیڈیم میں کھیلے گی جبکہ جمعرات کو کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز آمنے سامنے ہوں گے، کراچی کنگز اپنے کھیلے جانے والے 3میں سے 2 میچوں میں کامیابی حاصل کرچکی ہے۔