کراچی۔ 06 دسمبر (اے پی پی):کراچی کے علاقے عائشہ منزل کے قریب عمارت میں واقع فرنیچر کی دکانوں میں لگی آگ پر قابو پانے کے لئے تاحال فائربرگیڈ کا عملہ کوششو ں میں مصروف ہے، تقریباً 300 سے زائدرہائشی افراد کو ریسکیو کرلیا گیا ہے،جھلس کا ہلاک ہونے والوں کی 3 نعشیں عمارت سے نکال لی گئیں،جھلسنے والے دوافراد کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
بدھ کو عمارت میں لگنے وای آگ تیزی سے 7منزلہ رہائشی عمارت کی بالائی منزلوں تک پہنچ گئی۔ ایس ایس پی وسطی فیصل عبداللہ چاچڑ کے مطابق آگ بیڈ میٹریس کی دکان میں لگی، آگ نے قریبی دکانوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔ ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ دکانوں کے اوپر فلیٹس بنے ہوئے ہیں، عمارت سے لوگوں کو نکالنے کی کوشش کی جا رہی ہے، فائر بریگیڈ کی مزید گاڑیوں کو بھی طلب کرلیا گیا ہے۔ فائر بریگیڈ حکام کے مطابق 12فائر ٹینڈرز، 2اسنارکل اور ایک بازر مو قع پر موجود ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق عمارت سے ایک شخص کو جھلسی ہوئی حالت میں نکالا گیا ہے، آگ سے جھلسنے والا دوسرا زخمی برنس وارڈ منتقل کردیا گیا ہے۔ ایک متاثرہ دکاندار نے بتایا کہ دکان میں سلنڈر لیک ہوا اس میں آگ لگ گئی اور وہ دھماکے سے پھٹ گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق آگ فوم کیگدوں کی دکان میں شارٹ سرکٹ کے باعث لگی جس کے باعث آگ تیزی سے پھیل گئی، آگ متاثرہ دکانوں کے اوپر7منزلہ رہائشی عمارت کی بالائی منزلوں تک پہنچ گئی ہے اور ہر طرف دھواں پھیل چکا ہے۔
ایک عینی شاہد کا کہنا تھا کہ عمارت میں 250سے زائد دکانیں اور تقریبا 450رہائشی فلیٹ ہیں۔کپڑے کی دکان میں لگنے والی آگ کی وجہ سے دکاندار جھلس کر زخمی ہوگیا جسے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے عائشہ منزل پر فرنیچر کی دکان اور بلڈنگ میں آگ لگنے کا نوٹس لے لیا ہے۔گورنر سندھ نے بلڈنگ کے اندر موجود افراد کا بحفاظت انخلا یقینی بنانیکی ہدایت کی ہے۔ گورنر نے کمشنر کراچی کو ہدایت کی ہے کہ آگ پر قابو پانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
میئرکراچی مرتضی وہاب نے موقع پر پہنچ کر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ آگ بجھانے کیلئے فائر بریگیڈکا عملہ موجود ہے، ہماری کوشش ہے کہ آگ کو مزید پھیلنے سے روکیں۔ ڈائریکٹر ریسکیو 1122سندھ عابد شیخ کا کہنا ہے کہ متاثرہ عمارت کا گرائونڈ اور میز نائن فلور کمرشل مقاصدکیلیے استعمال ہو رہا تھا، متاثرہ عمارت کے چار فلور پر فلیٹ بنے ہوئے ہیں۔ ڈائریکٹر ریسکیو 1122کے مطابق یہ تیسرے درجے کی آگ ہے۔ریسکیو 1122حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق 300سے زائد افراد کو ریسکیو کرلیا گیا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=417539