کربلا کے درس پر عمل پیرا ہو کر اسلام دشمن قوتوں کو منہ توڑ جواب دیا جا سکتا ہے، علامہ نسیم عباس نقوی

13

ملتان۔ 07 جولائی (اے پی پی):معروف عالم دین علامہ نسیم عباس نقوی نے کہا ہے کہ یوم عاشورہ وہ درس کربلا ہے جس پر عمل پیرا ہو کر ہی اسلام دشمن قوتوں کو منہ توڑ جواب دیا جا سکتا ہے۔اسوہ شبیری سے سازشوں میں مصروف طاقتوں کو زیر کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے معروف سماجی شخصیت عنایت خان لنگاہ مرحوم کی رہائش گاہ حافظ جمال پورہ میں مجلس عزا سے خطاب کے دوران کیا ۔

انہوں نے مزید کہاکہ شہدائے کربلا کی تعلیمات امت مسلمہ کے لیے مشعل راہ ہیں اور دنیا و اخرت میں کامیابی کا ذریعہ ہیں۔علامہ نسیم عباس نے کہا کہ کربلا میں دین اسلام کی بقاء کے لئے شہید کربلا حضرت امام حسین نے رفقائے کار کے ساتھ جانوں کا نذرانہ پیش کیا لیکن دین محمد پر آنچ نہیں آنے دی۔

انہوں نے کہا کہ پوری دنیا محرم الحرام میں ان کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے اور یہ عہد کرتی ہے کہ مسلمانوں کے خلاف ہونے والی تمام سازشوں کو بے نقاب کر کے اسلام کا علم بلند کریں گے۔